تحریر۔۔(رانا ندیم انجم )
پاکستان اور بھارت کے درمیان براستہ کھوکھراپار موناباؤ چلنے والی انٹرنیشنل تھرایکسپریس ٹرین کی بندش کو پانچ سال مکمل ہوگئے، آخری بار انٹرنیشنل تھر ایکسپریس ٹرین 9 اور 10 اگست کی درمیانی رات وایا میرپورخاص بھارت گئی تھی تفصیلات کے مطابق 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کر کے اس پر قبضہ کرنے کے فیصلہ کے ردعمل میں حکومت پاکستان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان وایا میرپورخاص، کھوکھراپار اورمونا باؤ کے راستہ ہفتہ میں ایک روزچلنے والی انٹر نیشنل تھر ایکسپریس ٹرین کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت جمعہ 9 اگست 2019 کو کراچی سے چلنے والی آخری تھر ایکسپریس ہفتہ 10 اگست کی صبح وایا میرپورخاص پاکستان کے آخری ریلوے اسٹیشن زیرو پوائنٹ پر پہنچی تھی اور اسی روز شام کوآخری سفر پر وایا میرپورخاص کراچی کے لئے روانہ ہوگئی تھی واضع رہے کہ 1965کی پاک بھارت جنگ کے باعث کھوکھراپار اور موناباؤ کا سفری راستہ بند کر دیا گیا تھا اور ایک طویل مدت تک یہ راستہ دونوں ممالک کے عوام کے لئے بند رہا تاہم پرویز مشرف کے دور حکومت میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ہنگامی بنیادوں پر میرپورخاص سے کھوکھراپار زیرو پوائنٹ تک میٹر گیج ریلوے ٹریک کو براڈ گیج میں تبدیل کر کے فروری 2006 میں اس راستہ کو پاکستان اور بھارت کےعوام کی آمد ورفت کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا تھا اس منصوبہ کے تحت زیرو پوائنٹ کے نام سے پاکستان کی حدود میں ایک نیا ریلوے اسٹیشن بھی تعمیر کیا گیا تھا 41 سال کے بعد تھر ایکسپریس ٹرین کے آغاز پرسندھ بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی مسافر ٹرین سروس کے آغاز اور پھر وقتاًفو قتاً یہ باتیں سامنے آتٰی رہیں کہ اس راستہ کو جلد تجارت کے لئے بھی کھول دیا جائے گا اور اس مقصد کے تحت دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر مختلف اقدامات سامنے آتے رہے اور فروری 2012 میں تو پاکستان اور بھارت کے وزراء تجارت کے اسلام آباد میں ہونے والے کامیاب مزاکرات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھوکھراپار موناباؤ کے راستہ ایک نیا تجارتی راستہ کھولنے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دے دیا گیا تھا تاہم یہ اعلانات عملی شکل اختیار نہیں کر سکے بھارت کی ہٹ دھرمی اور توسیع پسندانہ عزائم کے باعث کھوکھراپار مونا باؤ کا اداس راستہ اب بھی سہانی یادوں کو سنبھالے ہوئے ہے اور لوگ اس کے دوبارہ کھلنے کا بڑی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔