بھاولپور( میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے) ڈپٹی کمشنر بہاولنگر نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے والی ریاست بہاولپور ہزہائی نس سر نواب صادق محمد عباسی ؒ پنجم کی 60 ویں برسی کے موقع پر 24مئی بروز جمعہ ضلع بہاولنگر کے تمام شہروں میں عام تعطیل کو منسوخ کردیا ہے۔چشتیاں اور ضلع کی مختلف سیاسی سماجی کاروباری شخصیات نے حکومت پنجاب اورڈپٹی کمشنر کے اقدام کو غیردانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محسن پاکستان ہزہائی نس نواب آف بہاولپور نے قیام پاکستان کے وقت حضرت قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے ساتھ ملاقات کے دوران دو سال تک مشرقی پاکستان اور مغربی پاکستان کے ملازمان کی تنخواہیں ادا کی تھیں اور 60لاکھ روپئے مہاجرین کی آبادکاری کیلئے بھی ادا کئے تھے،بانی پاکستان کو اپنی رولزرائس کار اور کراچی میں مکمل سہولتوں کے ساتھ محل بھی تحفہ میں دیا تھا۔چنانچہ محسن پاکستان کی برسی پر تعطیل کو منسوخ کرنا نواب آف بہاولپور کی عظیم اور ناقابل فراموش خدمات کو بھلائے جانے کے مترادف ہے۔