پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سنگجانی کے مقام پر سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ جاری ہے۔ باوجود اس کے کہ جلسہ گاہ جانے والے اہم راستوں پر کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد جلسے میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی تقاریر کا سلسلہ جاری ہے، جس میں حماد اظہر، شیر افضل مروت، راجا ناصر عباس، جمشید دستی اور عون عباس پبی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
جلسے کے دوران حماد اظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے صوابی کے جلسے میں آپ سے بڑا اعلان کرنے کا وعدہ کیا تھا، اور اب پنجاب میں بڑا میدان لگنے والا ہے، ہمیں آخری خون کے قطرے تک کھڑے رہنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ہم سے خوفزدہ ہیں، اور اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان آئین پر یقین نہ رکھتا ہوتا تو کب کا حکمرانوں کا تختہ الٹ چکا ہوتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اسٹیج پر موجود تھیں، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تاحال جلسہ گاہ نہ پہنچ سکے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے منتظمین کو شام سات بجے تک جلسہ ختم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم جلسہ جاری ہے۔ این او سی کے مطابق جلسے کی اجازت دوپہر 4 بجے سے شام 7 بجے تک تھی، اور وقت پر جلسہ ختم نہ کرنے پر قانونی کارروائی کا امکان ہے۔
دریں اثنا، ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ سگنلز ڈاؤن ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی آنے والی ٹرینیں بھی لیٹ ہو چکی ہیں، جس کی وجہ پی ٹی آئی جلسہ بتائی جا رہی ہے۔