وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدرآباد پہنچ کر یوم عاشور کے موقع پر بر آمد ہونیوالے مرکزی ماتمی جلوس کا جائزہ لیا ،اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو بھی ان کے ہمراھ تھے،وزیراعلی سندھ نے کمشنر حیدرآباد بلال میمن اور ڈی آئی جی پی طارق دھاریجو سے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ لی، انہوں نے قدم گاہ مولا علی امام بارگاہ سے 10محرم الحرام کے مرکزی جلوس میں شرکت کر کے قیادت کی، وزیر اعلی سندہ نے جلوس کے دوران قائم مختلف طبی کیمپس کا بھی دورا کیا،وزیر اعلی سندہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں یوم عاشور کے جلوس کے انتظامات کا جائزہ لینے آیا ہوں جلوس کے منتظمین سے بھی ملا ہوں ،سیکیورٹی انتظامات اطمینان بخش ہیں ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر اٹھی ہے جس کا خاتمہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں پرامن طریقے سے یوم عاشور کے جلوس رواں دواں ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کی کبھی بھی حامی نہیں رہی پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ،پی ٹی آئی کو اپنا کردار دیکھنا ہوگا کہ انکا رویہ سیاسی جماعت والا ہے کہ نہیں ،نشستیں حاصل کرنا اور زیادہ ووٹ لے جانا کسی کو سیاسی جماعت نہیں بناتا، پی ٹی آئی اور اسکے لیڈر کی خودغرضی اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے وہ آج اس مقام پر پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی خود کو سیاسی اور جمہوری جماعت کی طرح پیش کرے تو پابندی نہیں لگے گی۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی لنجار، میئر حیدرآباد کاشف شورو و دیگر سیاسی کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ملک بھر کی طرح حیدرآبادمیں بھی یوم عاشورہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔اس حوالے سے مرکزی انجمن حیدری کی زیر اہتمام قدم گاہ مولیٰ علی سے مرکزی ماتمی جلوس صبح8بجے نکالا گیا ماتمی جلوس سے قبل اعما ل یو م عاشورہ مسجد ابو الفضل قد م گا ہ مولا علی میں ہوئے جس کے بعد مجلس صبح عاشورہ منعقد کی گئی ، مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا دادن شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جبکہ مر کزی جلوس کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو، ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن،ڈی سی حیدرآباد زین العابدین میمن، صوبائی وزیر جام خان شورو، ایم پی اے عبد الجبار خان اور مئیر حیدرآباد کاشف خان شورو کے ہمراہ مرکزی جلوس کا تفصیلی دورہ کیا اور مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈی ایس پی کینٹ افتخار احمد بریڑو، انچارج DIBانسپکٹر اکبر لونڈ، انچارج ATFحیدرآباد فہیم فتح سمیت ضلع کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز و جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ جلوس کی نگرانی کیلئے ڈی ایس پی سٹی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا جہاں جلوس کی CCTVکیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی گئی، محرم الحرام یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری سیکیورٹی فرائض کی ادائیگی کیلئے تعینات کی گئی۔ATFفورس کے چاک و چوبند کمانڈو دستے مرکزی ماتمی جلوس کے علاوہ اہم مقامات اور بلڈنگ پر تعینات کئے گئے جہاں جوانوں کی سہولت کیلئے چھتری لگائی گئی،جلوس کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے داخلی راستوں پر واک تھروگیٹ لگائے گئے یوم عاشورہ پر امن و امان قائم رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کیلئے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ شہر کے اہم مقامات اور شاہراوں پر پکٹس قائم کی گئی،مشکوک اشخاص پر نگرانی کیلئے مختلف مقامات پر کرمنل ریکارڈ ائیڈینٹیفیکشن سسٹم لگائے گئے قدم گاہ مولا علی اور دادن شاہ کربلا کے منتظمین نے ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی کو یوم عاشورہ مرکزی جلوس پر فول پروف سکیورٹی انتظامات فراہم کرتے ہوئے جلوس کو امن و امان سے گزارنے پر مبارکباد پیش کی جبکہ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نے بھی ایس ایس پی حیدرآباد کی قیادت میں ضلع حیدرآباد پولیس کے تمام افسران و جوانوں کو اچھی ڈیوٹی سرانجام دینے پر شاباشی دی۔
ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے اراکین قومی اسمبلی سید وسیم حسین و پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ اراکین سندھ اسمبلی راشد خان ایڈووکیٹ، انجینئر صابر حسین قائم خانی اور ناصر حسین قریشی نے گزشتہ روز بنوں کینٹ اور رورل ہیلتھ سنٹر ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کے حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان دہشت گردوں نے ماہ محرم الحرام میں دہشتگردی کی وارداتوں کے ذریعے یہ پیغام دیا ہے کہ یہ دہشت گرد پاکستان ہی نہیں اسلام کے بھی خلاف ہیں پاک افواج کے جوانوں کی شہادت کو ہم سلام پیش کرتے ہیں کہ جنکی بہادری کی وجہ سے بڑا جانی و مالی نقصان سے بچ پائے انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے کی حکومت بادی النظر میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہے اور اس وقت کے پی کے میں افواج پاکستان کے جوانوں کو نشانہ بنایا جا رہا جہاں انہیں سرحد پار سے غیر ملکی امداد بھی مل رہی ہے لیکن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت امن و امان میں ناکام ہو چکی ہے اور معصوم عوام اور پاکستانی افواج کے جوانوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی سالمیت، امن و امان ،استحکام کی خاطر پاکستانی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں کہ ایک طرف نادیدہ قوتوں نے پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کا عزم کیا ہوا ہے تو دوسری طرف پاکستان کی کچھ سیاسی عناصر انکے آلہ کار بنے ہوئے ہیں پاکستان ہے تو سب کچھ ہے ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں اور پاکستان کی سالمیت کے لئے آخری حد تک جائیں گے آخر میں بنوں و کے پی کے میں شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہیں ۔
حیدرآباد کی ٹاور مارکیٹ میں چکن کا کاروبار کرنے والے محمد شریف نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ میری دکان نمبر 21پر قبضہ کرنے کی کوشش کے لئے ہراساں اور پریشان کرنے والے علاقہ کے بعد سر افراد کے خلاف قانونی کاروائی کر کے مجھے اور میرے کاروبار کو تحفظ فراہم کیا جائے۔حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ علاقہ کے بااثر شخص زاہدعرف چھنو قریشی اور اس کے ساتھی جہانگیر ،رکھا، اشتیاق، عدیل اور غفورہ سمیت دیگر مجھے اپنی دکان اونے پونے فروخت کرنے کے لئے دبائو ڈال ر ہے ہیں اور میرے انکار پر انہوں نے میری زندگی اجیرن بنادی ہے اور مجھے جھوٹے کیسوں میں ملوث کرنے سمیت دکان چھوڑ کر جانے کیلئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔انہوںنے بتا یا کہ مذکوربا اثر افراد نے دیگر لوگوں کی زندگی بھی اجیرن بنا رکھی ہے اور ہیرآباد ،کالی موری سمیت دیگر علاقوں میں جہاں انہیں جگہ خالی ملتی ہے وہاں قبضہ کر لیتے ہیں جبکہ میں نے اپنے تحفظ کے لئے ایس ایس پی حیدرآباد سے بھی ملاقات کی جس پر انہوں نے مارکیٹ تھانہ پر درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی جبکہ عدالت میں بھی میں نے درخواست دے رکھی ہے لیکن مذکورہ با اثرافراد میری دکان پر آ کر دھمکیاں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے میں عدم تحفظ کا شکار ہوں۔ انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ مذکور بااثر افراد کے خلاف تحقیقات کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے تاکہ شہر کے معصوم اور شریف لوگ سکون کا سانس لے سکیں۔
حیدرآبادپریس کلب پر مختلف افرادنے اپنے مطالبات کی حمایت میں الگ الگ مظاہرے کئے۔حیدرآباد کے علاقہ قاسم آباد میں 38روز قبل ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح افراد کے ہاتھوں قتل ہونے والے جمال الدین ملک کے ورثاء نے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کیے جانے پر پولیس کے خلاف حیدراباد پریس کلب کے سامنے اہل علاقہ اور معصوم بچوں نے وکیل احمد ملک کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 11جون 2024ء کی رات نامعلوم مسلح افراد نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر پستول سے فائر کر کے جمال الدین ملک کو قتل کرنے کے بعد فرار ہو گئے اور واقعہ کو 38روز گزر جانے کے باوجود قاسم آباد پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی نااہلی کے سبب قاسم آباد سمیت پورا سندھ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے اور ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ ان جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی خود پولیس کر رہی ہے ۔ٹنڈوالہیار کے علاقہ گلشن الرحمن ٹائون میں گزشتہ 17جون عید الفطر کے روز گھر کے سامنے ڈاٹسن گاڑی پر سوئے ہوئے مزدور کو گولیاں مار کر قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار نہ کیے جانے کے خلاف مقتول کی ضعیف والدہ مسماة ارباب خاتون اور مقتول کی بیواہ مسماة ثمینہ نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر مقتول کی والدہ نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ عید الفطر کے روز صبح کے وقت گھر کے سامنے ڈاٹسن گاڑی پر سوئے ہوئے میرے بیٹے غلام شبیر رند کو علاقہ کے بااثر ملزمان شاہ دوست رند، عبدالرزاق رند اور ایک نامعلوم ملزم نے گولیاں مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے بعد میں ملزمان کی شناخت ہونے پرٹنڈو الہیار کے تھانہ بی سیکشن پر ملزمان کے خلاف کیس درج کرایا گیا اور پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد بھاری رشوت لے کر آزاد کر دیا جس کے بعد ملزمان کیس سے دستبردار ہونے کے لئے ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں اور ملزمان سے ہمیں جانی و مالی نقصان کا خطرہ ہے، انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کے معاملے کا نوٹس لے کر با اثر ملزمان کو گرفتار کر کے ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔
ہرسال کی طرح اس سال بھی قادری ہاس ٹنڈوجام میں دلیم کی نیاز کا اہتمام کیا گیا سیاسی ،سماجی ، مذہبی ،رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تفصیلات کے مطابق دس محرم الحرام پر حضرت امام حسین علیہ السلام کی نیاز کا اہتمام ہمارا اعلان پر امن پاکستان بین المذاھیب ہم آہنگی اداراہ برائے انسانی حقوق کے مرکزی چیرمین خلیفہ محمد تسلیم راجپوت کی جانب سے قادری ہاس ٹنڈوجام میں دلیم کی نیاز کا اہتمام کیا گیا چیئرمین خلیفہ محمد تسلیم راجپوت نے کہا ہے کہ محرم الحرام کامہینہ ایثار، محبت اور رواداری کامہینہ ہے، اس مقدس مہینے میں نواسہ رسول ۖ نے حق کا علم بلند کرتے ہوئے اپنے اور اہل بیت کی جانوں کے نذرانے پیش کرکے باطل قوتوں کو ہمیشہ کیلئے شکست دے دی، ماہ محرم ہمیں صبرواستقامت کا درس دیتا ہے مزید کہا کہ ہر سال دس محرم الحرام پر دلیم کی نیاز کا اہتمام کیا جاتا ہے اور انشا اللہ یہ سلسلہ اس ہی طرح جاری رہے گا اس موقع پر علما مشائخ کے مرکزی صدر پیر عبدالسعیدسیفی،میڈیکل ڈویژن کے صدر ڈاکٹر خالد اوگائی، حافظ عبدل نبی بھٹی،حافظ محمدیاسن سیفی،جاوید راجپوت علادین ٹرسٹ پاکستان کے جنرل سیکرٹری نومعان نقشبندی ،سراز آرائیں،عابد شاہ ،سعید قادری ،دیگر علما اکرام تاجران ،سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق دھاریجو نے کہا ہے کہ تعمیراتی امور میں متعلقہ ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اور تعمیرات میں جدت و مضبوطی کے اعلی معیار کو ترجیح دی جائے،ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پولیس ہیڈ کوارٹر حیدرآباد میں واقع ریجنل پولیس ہسپتال کے دورے کے موقع پر کیا،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ریجنل پولیس ہسپتال ڈاکٹر نعیم احمد میمن نے ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج کو تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے مزید بتایا کہ آئی جی پی سندھ غلام نبی اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج کی کاوشوں سے پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ میں اور آئی ڈیپارٹمنٹ میں نئی مشینری مہیا کردی گئی ہے تاکہ اس سے سندھ پولیس اور ان کی فیملی کا بہترین علاج ممکن بنایا جاسکے، ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے ہسپتال کے وارڈز، کوریڈورز اور مختلف شعبہ جات میں جاری تعمیراتی امور کا جائزہ لیا انہوں نے ہدایت کی کہ ریجنل پولیس ہسپتال میں توسیع و تزین و آرائش کے کاموں کو اعلی معیار کے ساتھ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔تعمیراتی امور کی انجام دہی میں احتیاط برتی جائے تاکہ آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی درپیش نہ ہوانہوں نے تعمیراتی امور کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا اور کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا، ڈی آئی جی پی طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج نے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ریجنل پولیس ہسپتال اور ان کے عملے کو ریکروٹمنٹ، عزاداری محرم جلوس میں طبی سہولیات کی فراہمی پر ڈاکٹر نعیم احمد میمن اور ان کے عملے کو سراہا۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے مزید ہدایت کی کہ پولیس اسٹاف اور ان کے اہل خانہ و شہدا کی فیملیز کے لئے بہتر سے بہتر علاج مہیا کیا جائے اور ڈائیلاسیز ڈیپارٹمنٹ میں توسیع کی جائے۔
جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے جامع مسجد اکبری تکونہ پارک،درگاہ سیدنا سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی اورغلام حسین ہدایت اللہ ہائر سیکنڈری اسکول روڈ پکا قلعہ حیدرآباد میں انجمن پروانہ مصطفے کے زیر اہتمام شہدائے کربلا کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے کربلا کے میدان میں اپنا سب کچھ اللہ کی بارگاہ میں قربان کر کے اسلام کی حرمت کو بچا لیاحسینیت کے علمبردار قیامت تک حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے کردار کی نورانیت سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول نے یزید جیسے فاسق و فاجر کی بیعت سے انکار کر کے امت کو درس دیا کہ نظام مصطفے ۖ کے عملی نفاذ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنابلکہ ظالم اور جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کر کے حسینی کردار ادا کرنے میں ہی کامیابی ہے امام حسین سے محبت کا تقاضہ ہے کہ نظام مصطفے کی جدوجہد میں شامل ہو کر مغربی استعماری قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں جو پاکستان میں لادینیت لانا چاہتے ہیں اور ہمارے حکمراں یزید کے پیروکار بن کر قوم پر ظلم ڈھارہے ہیں مہنگائی غربت اور بیروزی کے طوفان نے قوم کی زندگی اجرن بنا دی ہے آئی ایم ایف کے حکم پر ہرزور بجلی،گیس پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے قوم پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں لیکن افسوس ان یزیدی حکمرانوں کو اس کا کوئی احساس نہیں اقتدار کی ہوس اور طاقت کے نشے میں قوم پر مہنگائی کا طوفان مسلط کئے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ یزیدنے بھی طاقت کے نشے میں بدمشت ہو کر اسلام کے چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کی حرام کو حلال اور حلال کو حرام کیا نواسہ رسول ۖ کو شہید کیااہل بیت کی حرمت کو پامال کیااسلامی احکامات کی دھجیاں اڑائیں آج ہمارے حکمراں بھی یزیدی کردار ادا کررہے ہیں اسلام کے خلاف اقدامات کررہے ہیں شراب و کباب کی محفلیں سج رہی ہیں اشرافیہ عوام کا خون نچوڑ رہی ہے جمہوری کی آواز کو دبانے اور اختلاف رائے رکھنے والوں کو زندانوں میں ڈالا جارہا ہے ظلم کا راج ملک پر مسلط ہے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ سے محبت کا تقاضہ ہے کہ امام حسین نے قربانی نظام مصطفے ۖ کیلئے دی تھی اس نظام کے نفاذ کیلئے ہم عملی کردار ادا کریں اور ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہو جائیں انشا اللہ اس ملک میں نظام مصطفے ۖ کی بہار آکر رہے گی ظلم کا نظام ختم ہو گاپاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ بنے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی عبدالجبار خان نے کہاہے کہ وطن کے دفاع کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان پوری قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہر پاکستانی کو ان جوانوں کی شجاعت اور بہادری پر فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان پر جس طرح کی دہشت گردی مسلط ہے پاک فوج کے جوان ہی اپنی جانوں کا نذرانے پیش کرکے ان دہشت گردوں کامقابلہ کررہے ہیں اور پوری قوم ملک کے اس دفاع کیلئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہاکہ چند شرپسند عناصر کے منفی پروپیگنڈے اور جھوٹ سے ملک کا دفاع متاثر نہیں ہوسکتا ، چند سالوںمیں جس سطح پر فوج کے جوانوں نے دہشت گردی کامقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں پیش کی ہیں اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ سیاست کے نام پر جس طرح ملک کے دفاعی اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ کیاجارہا ہے وہ نہ ملک کے حق میں ہے اور نہ ہی خود سیاسی جماعتوں کے حق میں ہے۔ جلد ہی یہ عناصر بے نقاب ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کا دفاع کل بھی مضبوط ہاتھوںمیں تھا اور آج بھی مضبوط ہاتھوںمیں ہے، پاکستان کو دنیا کی کوئی قوت نقصان نہیں پہنچاسکتی۔کیونکہ اس کے قیام میں لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور شہادتیں دے کر بنائے جانے والا یہ ملک شہادتیں پیش کرکے ہی بچایاجاسکتاہے۔