خوشاب ( راجہ نورالہی عاطف سے )
ڈپٹی کمشنر خوشاب سروش فاطمہ شیرازی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم 28اکتوبر تا یکم نومبر کی تیاریوں کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقدکیاگیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد صہیب،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صائمہ اکرام نیازی،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راؤ گلزار یوسف کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لیے قطرے اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں۔اجلاس میں پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سروش فاطمہ شیرازی نے ہدایت کی کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ذمہ داران اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے سرانجام دیں اور ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ تاکہ اس موذی مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین سے ہم بچوں کو پولیو سے بچا سکتے ہیں، پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی، والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین پلوائیں اور28اکتوبر سے یکم نومبر کے دوران انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اجلاس میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسرا ن کو ہدایت کی کہ گھر گھر ڈینگی سرولینس کو یقینی بنایا جائے اور ڈینگی کے انسداد کیلئے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔