سکرنڈ(رپورٹ ولی محمد بھٹی)
یو ایس اے آئی ڈی (USAID) کی نمائندہ مس مرسڈیز میری وارڈ (ms. MERCEDES MARIE WARD) نے ڈپٹی کمشنر شھید بے نظیر آباد شہر یار گل میمن سے انکے دفتر میں ملاقات کی.اس موقع پر پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائینسز برائے خواتین نواب شاھ کے وائس چانسلر پروفيسر گلشن میمن اور امریکن یونیورسٹیوں سے تربیت حاصل کرنے والے پروفیسرز شامل تھے. اس موقع پر یو ایس ایڈ کی نمائندہ نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ سمیت پاکستان کی 16 یونیورسٹیوں کو یو ایس ایڈ کے ایک پارٹنر شپ پروگرام کے تحت مضبوط کیا جارہا ہے جس کے تحت یونیورسٹی اساتذہ کو مختلف امریکن یونیورسٹیوں میں تربیت دی جارہی ہے انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پانچ سالہ پروگرام ہے جس کے تحت امریکن گورنمنٹ کی جانب سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری کے لئے کام کیا جارہا ہے اور میرے یہاں آنے کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ یونیورسٹی کے جن پروفیسرز کو تربیت دی گئی ہے وہ کیسے پڑھا رہے ہیں اور یونیورسٹی کی مزید کس طرح سے مدد کی جاسکتی ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شہر یار گل میمن نے پاکستان میں تعلیم کی بہتری کے لئے امریکن حکومت کے سرمایہ کاری کے پروگرام کو سراہا اور وفد کا نواب شاهه آنے پر شکریہ ادا کیا اور انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی خصوصی توجہ کی وجہ سے یونیورسٹی میں ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں. اس موقع پر پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائینسز نواب شاہ کے وائس چانسلر پروفیسر گلشن میمن نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبر کو امریکہ کی 2 یونیورسٹیوں میں تربیت کے لئے بھجوایا جاتا ہے جبکہ کچھ اساتذہ کو امریکن ایمبیسی کی مدد سے اسلام آباد میں تربیت دی جارہی ہے. انہوں نے کہا کہ یوایس ایڈ کے تحت یونیورسٹی کو جدید سازوسامان سے لیس کیا جائے گا اور یونیورسٹی کو پورے ملک میں ایک ماڈل بنایا جائے گا اور اس منصوبے کے تحت یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت کا پروگرام بھی شروع کیا جائے گا جبکہ نرسنگ گریجویٹ کو ایک سال کی مزید تعلیم کے لئے امریکہ بھجوایا جائے گا.انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں شامل پاکستان کی 16 یونیورسٹیوں میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی واحد میڈیکل یونیورسٹی ہے اس سے قبل امریکن لیڈی نے یونیورسٹی کے نئے کیمپس کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے فن تعمير کو سراہا انہوں نے انٹر نیشنل ڈیجیٹل لائبریری، کلینکل شعبے، اسٹیڈیم، اور یونیورسٹی اسپتال کے شعبہ انتہائی نگہداشت اور مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے وفد کو سندھ کے روایتی تحفے اجرک لونگی اور شیلڈ پیش کی گئی.