اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایک سے دو ہفتوں میں عمران خان کو قانونی طور پر رہا نہ کیا گیا تو ہم خود انہیں جیل سے چھڑائیں گے۔ پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “میں لیڈ کروں گا اور پہلی گولی کھاؤں گا، پیچھے نہیں ہٹیں گے۔”
خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے علی امین نے کہا، “تمہارا باپ بھی عمران خان کا ملٹری ٹرائل نہیں کرسکتا۔ جس کو تم باپ سمجھتے ہو، وہ بھی یہ کام نہیں کرسکتا۔ جنرل فیض حمید کیا ہمیں جہیز میں ملا تھا؟ وہ تمہارا آدمی تھا، تم نے ہی اسے جنرل اور ڈی جی بنایا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی سے پہلے ہی حکومت میں نفرت تھی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تاکہ وہ بیان دیں، لیکن وہ اگلے جلسے میں سچائی بتائیں گے۔ “میں تمہیں ننگا کروں گا، تم آئین کو نہیں مانتے تو ہم بھی آئین کو نہیں مانتے۔ اب دما دم مست قلندر ہوگا، کال کا انتظار کرو۔”
گنڈاپور نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی کا اگلا جلسہ لاہور میں ہوگا اور مریم نواز کو خبردار کیا کہ “پنگا مت لینا، این او سی ملے یا نہ ملے، وہ حال کریں گے کہ بنگلہ دیش بھول جاؤ گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے اپنے مینڈیٹ کو چوری ہونے سے بچایا ہے اور وہاں پر ان کی مکمل گرفت ہے۔ “خدا کی قسم خون بھی بہائیں گے لیکن تمہیں تمہارے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ ہم این آر او قبول نہیں کرتے اور قوم کے لوٹے ہوئے اربوں روپے واپس لائیں گے۔”
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کے ساتھ ہے اور وہ امریکہ کے غلاموں کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ وہ عمران خان کے حق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ “اعظم سواتی کے لیے 7 بجے گیٹ کھولے گئے اور کہا گیا کہ عمران خان عوام کو روک لے۔”