ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ)
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے ، عوام الناس کو طبی سہولیات کی بہتر فراہمی ہسپتالوں میں جاری تزئین آرائش کے کاموں اور واربرٹن میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لینے تحصیل ننکانہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف ، ایکسین بلڈنگ عامر محمود ، محکمہ تعلیم کے افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر واربرٹن اور بنیادی مراکز صحت چندر نگر میں ڈاکٹرز و عملے کی حاضری ، ادویات کے اسٹاک ، صفائی ستھرائی ، عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی سمیت ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف اور ایکسین بلڈنگ عامر محمود نے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے ہسپتالوں کی بلڈنگز میں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں ترقیاتی کاموں کے دوران مریضوں کو علاج معالجے کی فراہمی ہر صورت جاری رکھی جائے ، ترقیاتی کام کی آڑ میں مریضوں کو کسی دوسرے ہسپتال ریفر نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور انکے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور سرکاری ہسپتالوں میں ہر آنے والے مریض کو پروٹوکول ملنا چاہیے۔ڈی سی محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ٹھیکیداران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین کے ہمراہ ناجائز تجاوزات کے خلاف واربرٹن میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے ، ضلع سے آخری تجاوزات ہٹانے تک آپریشن بلاتفریق جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی تمام مارکیٹوں اور بازاروں میں ایک ہی سائز کے بورڈز اور شیڈز لگائے جائیں گے ، دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کا جائزہ لینے کے لیے گورنمنٹ ہائی سکول چندر نگر اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چندر کوٹ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں اساتذہ ، عملے اور سٹوڈنٹس کی حاضری سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کلاسز میں جا کر سٹوڈنٹس سے سلیبس سے متعلقہ سوالات کیے اور انکو لیکچر بھی دیے۔ڈپٹی کمشنر نے طلبا و طالبات کو دلجمی سے پڑھنے والدین اور ملک کا نام روشن کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔