ٹنڈوالہ یار (نمائندہ خصوصی)
ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار محمد ابراہیم عالمانی نے ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالضحیٰ کے دوران عید نماز کے اجتماعات کے بعد جانوروں کی قربانی کرنے کے سلسلے میں ضلع بھر میں صفائی ستھرائی، ڈرینیج، امن و امان، مذہبی رواداری و بھائے چارے کی فضا کو قائم رکھنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں یہ ہدایات انہوں نے آج کانفرنس ہال ڈپٹی کمشنر آفیس ٹنڈوالہ یار میں عیدالضحیٰ کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں اجلاس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوالہ یار سید ثمر حسن شاہ رضوی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ٹنڈوالہ یار ساجد علی پہوڑ، اسسٹنٹ کمشنر جھنڈو مری شہزادو عمیر جروار، تمام ٹاؤن و یوسی چیئرمین، محکمہ پولیس، ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، لائیو اسٹاک، روینیو و دیگر تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران اور علماء اکرام نے شرکت کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہ یار محمد ابراھیم عالمانی نے اجلاس کو بتایا کہ عید الضحیٰ کے دوران غیر قانونی طور پر کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپوں کے قیام، عمارتوں یا گاڑیوں پر لاؤڈ اسپیکرو بینرز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہو گی انہوں نے لوکل گورنمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عیدالضحیٰ کے دوران جانوروں کی قربانی کے بعد صفائی ستھرائی اور آلائشیں ٹھکانے لگانے کے ساتھ اسپرے کرنے کیلئے بھی موٗثر انتظامات کئے جائیں جبکہ ڈرینیج سسٹم کو بہتر بنانے اور کھلے ہوئے مین ہولز کو بند کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پرسکون ماحول فراہم ہو سکے محمد ابراہیم عالمانی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ عید الضحیٰ کے دوران عوام کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اس موقع پر ایس ایس پی ٹنڈوالہ یار کے ترجمان نے اجلاس کو بتایا کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ ضلع بھر میں ہونے والے عید نماز کے اجتماعات پر بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔