چشتیاں/ڈاہرانوالہ(میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے )
چشتیاں/ڈاہرانوالہ اور نواحی علاقوں میں قیامت خیز گرمی پڑنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،محکمہ موسمیات نے31 مئی تک ریکارڈ گرمی پڑنے اور درجہ حرارت بڑھ کر 52سنٹی گریڈتک پہنچ جانے کا امکان ظاہر کیا ہے،محکمہ صحت حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام لوگ ننگے سر گھروں و دفاتر سے ہرگز باہر نہ نکلیں اور پانی زیادہ پئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ مئی کے آخر تک دن کے وقت درجہ حرارت 43 سے بڑھ کر52سنٹی گریڈ جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت 32سے36سنٹی گریڈ پہنچ جائے گا جو کہ اس علاقے کیلئے ریکارڈ ہوگا۔چشتیاں اور ڈاہرانوالہ میں ہیٹ ویو کی بنا پر دوپہر کے وقت شہر کی بڑی سڑکوں اور بازار وں میں لوگوں کی آمدورفت بہت کم ہوگئی ہے اور بعض دکانداروں نے عام لوگوں کے لئے پینے کے پانی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں عیسی پیٹرولیم کے اونر اور پٹرولیم ایسوسی ایشن ڈاہرانوالہ کے صدر حاجی عثمان صادق نے سینئر صحافی میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تمام پیٹرول پمپس پر پانی کا انتظام ہوتا ھے اور گرمی کی شدت کی بناء پر تمام پیٹرول پمپس پر ٹھنڈے پانی کے اضافی انتظامات بھی کردئیے گئے ھیں۔ممتاز فلنگ اسٹیشن کےاونر اورچشتیاں پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری ممتاز علی پنسوتہ نے بھی میاں میراحمدمستانہ سہروردی کو بتایا کہ چشتیاں کے تمام پیٹرول پمپس پر ٹھنڈے پانی کا اضافی انتظام کردیا گیا ھے ۔جبکہ سندس پٹرولیم حاصلپور روڈ کے حاجی محمد انور انجم نے عام لوگوں کیلئے پٹرول پمپ پر مشروب مشرق کا انتظام کیا ہے۔تحصیل ہسپتال چشتیاں کے ایم ایس ڈاکٹر عمران انور نے ہدایت کی ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافہ کی بناپر بچے بوڑھے جوان ننگے سر گھروں و دفاتر سے ہرگز باہر نہ نکلیں، سر پر تولئے اورچھتری کا استعمال کریں،موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ اور کاٹن گلوز کا استعمال کریں،بازاری کھانوں و مشروبات سے پرہیز کریں،گوشت اور تلی ہوئی چکنائی والی اشیا کی بجائے سبزی فروٹ کا استعمال کریں گھریلومشروبات اور سادہ پانی زیادہ پئیں، بزرگ اور مریض حضرات 12بجے سے شام 4بجے تک گھروں میں آرام کریں اور گرم موسم میں کسی بھی تکلیف کی صورت میں خود علاج کرنے کی بجائے سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر سے رجوع کریں۔##