سندھ حکومت ٹینکر مافیا کی سرپرستی کررہی ہے، کاشف نظامی ۔
*حکومتی ہیٹ ویو کیمپ اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اور ٹوپی ڈرامے کے سوا کچھ نہیں ۔*
*شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ حکومتی کیمپس پر ٹینکر مافیا مفت پانی پہنچا رہا ہے ۔*
*حکومت سندھ کراچی کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، پی ٹی آئی ۔*
کراچی (ظفر عالم ملک ) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کاشف نظامی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ڈرامے بازی بند کرے اور اپنے کام پر توجہ دے، حکومتی ہیٹ ویو کیمپ اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار کی کوشش کے سوا کچھ نہیں ،یہ کام پہلے ہی شہر کی کئی این جی اوز سر انجام دے رہی ہیں شہری بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں سرکاری کیمپوں میں ٹینکر مافیا مفت میں پانی پہنچا رہا ہے، سندھ حکومت ٹینکر مافیا کی سرپرستی کررہی ہے ، عوام کے گھروں میں پانی نہیں آتا لیکن ٹینکروں کو دن رات پانی ملتا ہے ، ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، کاشف نظامی نے کہا کہ کراچی والے اب سندھ حکومت کا سارا ٹوپی ڈرامہ سمجھ چکے ہیں ، شہر ت کے حصول کے لیئے عوام کو دن رات شتر مرغ کھلا نے والے شدید گرمی میں کیا عوام کو ٹھنڈ ا پانی نہیں پلاسکتے، شہریوں کو شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے لیئے حکومت سندھ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نظر نہیں آتے ، پیپلز پارٹی کی حکومت کبھی بھی عوام کی خیرخواہ نہیں ہوسکتی ، انہوں نے کہا کہ قوم بس اپنے لیڈر کی رہائی تک ان ظالم و جابر حکمرانوں کا ہر ظلم برداشت کر رہی ہے، بہت جلد بانی پی ٹی آئی تمام جھوٹے مقدمات سے بری ہوکر رہا ہو جائیں گے ، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پر جتنے مظالم ڈھائے گئے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، پی ٹی آئی کو جتنا دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اتنی ہی اس کی مقبولیت اور طاقت میں اضافہ ہورہا ہے تحریک انصاف کی طاقت عوام ہیں اور پورے ملک کی عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان حق و سچ اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ، موجودہ حکمران عوام کو کبھی بھی ریلیف نہیں دے سکتے کیونکہ یہ عوام کو ریلیف دینے نہیں بلکہ اپنے کیسز کو ختم کرانے اور اپنے ریلیف کے لیئے اقتدار میں آئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کرونا جیسی مشکل ترین صورتحال کو شاندار منصوبہ بندی اور حکمت عملی سے سنبھالا اور لوگوں کے لیئے آسانیاں پید اکیں جبکہ موجودہ حکومت چند دنوں کی ہیٹ اسٹروک میں بھی عوام کے لیئے کوئی اقدامات نہیں کرسکی، آج پٹرول تاریخ کی بلندترین سطح پر ہے مہنگائی میں روز اضافہ ہورہا ہے بیروزگاری ختم ہونے کے کوئی امکانات نظر نہیں آرہے جبکہ موجودہ حکومت قرضوں پر قرضے لیئے جارہی ہے اور ملکی اثاثوں کو بیچنے کے لیئے بے چین ہے ۔