نوشہروفیروز ( رانا ندیم انجم)
ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد ارسلان سلیم کی زیر صدارت محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کی اسکیموں کی دیکھ بھال اور آپریشن ( او اینڈ ایم) کے متعلق نگران کامیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایکسین پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ ڈپارٹمنٹ فیصل آفتاب میمن اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز موجو د تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سندھ حکومت نے محکمہ پبلک ہیلتھ میں بہتری لانے کے لئے ضلعی نگران کامیٹی قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران کو محکمہ پبلک ہیلتھ کی نکاسی آب اور فراہمی آب کی اسکیموں کو بہتر بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے ایکسین سے ضلع میں قائم نکاسی آب اور فراہمی آب کی اسکیموں کی تعداد اور فعال اسکیموں کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور فراہمی آب کی غیر فعال اسکیموں کو فعال بنانے کے لئے جامع منصوبہ بندی تیار کی جائے اور ایسی اسکیموں کو فعال کیا جائے جو کہ معمولی مرمت سے فعال ہوسکتی ہیں۔ باقی مستقل غیر فعال اسکیموں کے لئے حکام بالا کو تحریری طور پراگاہی دی جائے گی تاکہ ان کے لئے مطلوبہ فنڈز حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تعلقہ کے پبلک ہیلتھ کے افسران کے ہمراہ تمام اسکیموں کا معائنہ کریں اور اس کی رپورٹ ضلعی کامیٹی کو فراہم کریں۔