بھاولپور (میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے ) ایم ایس تحصیل ہسپتال چشتیاں ڈاکٹر عمران انور نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا میں ہرسال 25کروڑ افراد ملیریا سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ بروقت اور درست علاج نہ کرانے سے 10لاکھ سے زائد افراد زندگی ہار جاتے ہیں۔اقوام متحدہ نے سال 2030تک ملیریا کی وبا کے خاتمہ کو اپنے ترقیاتی اہداف میں شامل کرلیا ہے اور کہا ہے کہ ملیریا کا خاتمہ مقامی سطح پر نہیں بلکہ عالمی پیمانے پر کرنا ہوگا۔انہوں نے اپنے دفتر میں ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران مزید کہا کہ ملیریا مالی مشکلات کا باعث بنتا ہے اور ملیریا کا انفیکشن زیادہ تر غریب مزدوروں کے رہائشی علاقوں اور دیہات میں غربت کا نتیجہ ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا میں ملیریا کے کل کیسز میں انڈیا کا حصہ 77فیصد ہے جہاں زیادہ تر اموات چھوٹے بچوں میں ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملیریا کا عالمی دن لوگوں میں ملیریا سے بچاؤ کیلئے شعور پیدا کرنا ہے اور ملیریا قابل علاج ہے لہذا جب بھی کسی فرد کو تیز بخار،سردی لگنے، پٹھوں میں درد،تھکاوٹ،کھانسی،کمردرد،پسینہ آنا کی علامات ظاہر ہوں تو فوری سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر سے رجوع کریں جبکہ رات کے وقت جسم کے کھلے حصوں پر مچھر بھگاؤ لوشن لگائیں،مکان کی کھڑکیاں دروازے بند رکھنے کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔