ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ )
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب سموگ کے خاتمے اور ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔تفصیلات کے مطابق سموگ پر قابو پانے اور عوام الناس کو آگاہی دینے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجہیہ ثمرین نے سموگ سے بچاو کی آگاہی مہم میں خصوصی شرکت کی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات فوزیہ اکرم ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف ، ڈی ایس پی موٹروے پولیس محمد عارف ، تحصیلداران ، حلقہ پٹواریوں سمیت نمبرداران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے زمین کی بالائی سطح میں موجود نامیاتی مادہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ دھان کے مڈھوں کی تلفی کے لیے کاشتکار روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو کی مدد سے انہیں زمین میں ملا دیں ، دھان کے مڈھوں کو زمین میں ملانے سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ڈی ایس پی موٹروے پولیس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے اٹھنے والا دھواں سموگ کا باعث بنتا ہے جو ٹریفک حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب وجیہہ ثمرین نے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے محکمہ جات کی طرح ریونیو عملے اور نمبرداران پر سموگ کے خاتمے کے لیے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ہم سب کو مل کرسموگ سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دھان کی کٹائی کے دورانیہ میں مسلسل سیٹلائٹ کے ذریعے فضائی نگرانی کی جا رہی ہے ، فصلوں کے بقیہ کو آگ لگانے والے کاشتکار اب چھپ نہیں سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی عزت اور وقار مقدم ہے قانون شکنی کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دھویں اور دھند سے مل کربننے والی فضائی آلودگی کو سموگ کہا جاتا ہے جو کہ انسانی جانوں اور فصلوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں ہزاروں نئے درخت لگائے جا رہے ہیں اور انکی نگہداشت کا بھی خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے تمام ادارے سموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مصروف عمل ہیں ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں ، بھٹوں اور انڈسٹریل یونٹس کے خلاف کریک ڈاون بھی کیا جا رہا ہے۔انہوں کے کہا کہ سموگ کا باعث بننے اور ماحول میں خرابی پیدا کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر نے کسان حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا فصلوں کے بقیہ کو آگ نہ لگائیں ، ماحول کو صحت مند بنانے کیلئے انتظامیہ کا ساتھ دیں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کرشنگ سیزن کے دوران ریونیو ، زراعت ، پولیس ، نمبرداران اور دیگر اداروں پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جہاں فصلوں کے بقیہ کو آگ لگانے کی نشاندھی ہوئی ان کے خلاف موقع پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام الناس سموگ کا باعث بننے والے عوامل کی نشاندھی کریں اور ماحول دوست شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ادارے اور شہری مل کرماحول کو سازگار بنا سکتے ہیں۔