ڈیرہ غازیخان (رانا فیصل سے)
ڈیرہ غازی خان شہر سمیت ڈویژن میں موجود 1456 سرکاری دکانوں کے نادہندگان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کرایہ اور دیگر واجبات کے نادہندگان کو نوٹسز جاری کرنے اور دکانیں سربمہر کرنے کے بھی احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کمیٹی کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دکانوں کا کرایہ از سر متعین کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے عدالت میں زیر سماعت کیسز کی باقاعدگی سے پیروی کے بھی احکامات جاری کیے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان شہر میں گولائی کمیٹی،گھنٹہ گھر بازار،پرانی سبزی منڈی،اندھے والی پلی،نزد سٹی پارک اور دیگر مقامات پر صوبائی حکومت کی 477 سرکاری دکانیں موجود ہیں۔مظفر گڑھ اور کوٹ ادو اضلاع میں 691 اور ضلع راجنپور میں 288 دکانیں موجود ہیں جن کے کرایے باقاعدگی سے ادا نہیں ہورہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔