ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ)
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر گنے کے متاثرہ کاشتکاروں کی رقوم کی ادائیگی کے لیے ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب متحرک ہے۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل ظہیر الدین بابر نے گنے کے کاشتکاروں کو سیون سٹار شوگر مل کی جانب سے رقم ادا نہ کرنے پر ریجنل ڈائریکٹر عظیم حفیظ اور فنانس منیجر مسعود اعوان کو گرفتار کر لیا ہے جن کو سول جیل میں بند کیا گیا ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے مطابق سیون سٹار شوگر مل کے فنانس مینجر اور ڈائریکٹر کو لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی دفعہ 80 ، 81 اور 82 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ، ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے سیون سٹار شوگر مل کو کاشتکاروں کی گنے کی رقم کی ادائیگی کے لئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے لیے 20 بار نوٹس وصول کراوئے گئے تھے ، شوگر مل انتظامیہ کی جانب سے نہ ہی کاشتکاروں کو ادائیگی کی گئی اور نہ ہی کوئی جواب جمع کروایا گیا۔یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے چارج سنبھالنے کےبعد کاشتکاروں کو ادائیگیاں کرنے کے لیے مل انتظامیہ کے 30 ستمبر تک کی ڈیڈ لائن دے رکھی تھی۔ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ سیون سٹار شوگر مل کے ڈائریکٹر اور فنانس مینجر کو دفعہ 82(3) کے تحت سول جیل میں بند کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام متاثرہ کاشتکار اپنی رقوم کے حصول کے لیے کاغذات کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب یا اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل کے دفتر سے فوری رجوع کریں تاکہ آپکی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیون سٹار شوگر مل کے ڈائریکٹر اور مینجر کو تمام متاثرہ کاشتکاروں کی رقوم کی ادائیگی تک جیل میں بند رکھا جائے گا ، متاثرہ کاشتکاروں کی رقوم نہ دینے کی صورت میں قانون کے مطابق شوگر مل کو نیلام کرکے متاثرین کو رقم کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی محنت رائیگاں نہیں جانے دی جائے گئی ان کی رقم ہر صورت شوگر مل انتظامیہ سے واپس کروائی جائے گی۔