چشتیاں (میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے)
تحصیل ہسپتال چشتیاں میں آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جبکہ گذشتہ چھ ماہ کے دوران ایک لاکھ 85ہزار سے زائد مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا اور حکومت کی ہدایت کے مطابق ہسپتال کے تمام شعبوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بڑھانے کیلئے ہر مریض کو ٹوکن کا اجرا،ادویات کی فراہمی کا ایک کمپوٹرائزڈ منظم طریقہ کار موجود ہے۔ہسپتال میں گردے کے 28مریضوں کے روزانہ ڈائلسزاور آنکھوں کے مفت اپریشن کئے جارہے ہیں،اس امر کا اظہار ایم ایس ڈاکٹر عمران انور نے سینئیر فزیشن ڈاکٹر محمد اقبال ندیم کے ہمراہ میڈیا کو بتایا کہ سال رواں کے پہلے چھ ماہ میں ایک لاکھ 37ہزار776مریضوں نے ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولت حاصل کی،48ہزار53مریضوں نے ایمرجنسی سے استفادہ کیا جبکہ 11 ہزار 72مریضوں کا زنانہ ومردانہ وارڈز میں علاج معالجہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں 31مرد اور22لیڈی ڈاکٹرزمریضوں کے علاج کی سروسز فراہم کررہے ہیں،ڈینٹل سرجن داکٹر سہیل احمد نے 10ہزار مریضوں کے دانتوں کا علاج کرکے پنجاب میں مسلسل پہلی پوزیشن پر ہیں،سینئر گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر نگہت افضل کا پنجاب کی پہلی دس لیڈی ڈاکٹرز میں شمار ہوتا ہے۔ہسپتال میں 17ہزار231 مریض بچوں،آنکھوں کے 10ہزار مریضوں،ناک کان گلہ کے5ہزار397مریضوں،ھڈیوں کے 8ہزار971مریضوں کا علاج کیا گیا،گردے کے مریضوں کے 3ہزار ڈائلسز کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ماحول کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کی سخت کوششیں جاری ہیں،تمام وارڈز کی مثالی صفائی ہے جس سے مریضوں اور تیمارداروں کو راحت محسوس ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈائلسز کے 83مریضوں میں سے 30مریضوں کے روزانہ مفت ڈائلسز کئے جارہے ہیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ہسپتال کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے کوڑا کرکٹ کوڑے دان میں ڈالیں۔