اسلام آباد : چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان کا ملٹری ٹرائل کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، اور اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو انہیں ہماری لاشوں سے گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ثابت ہو گیا کہ ریاست، طاقت اور اسٹیبلشمنٹ سب عوام ہیں، اور اب وہی ہوگا جو عوام چاہے گی۔
صاحبزادہ حامد رضا نے سیالکوٹ کے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنارسی ٹھگ اور ووٹ چور خواجہ آصف نے جلسے کے لیے پریس کلب کی بات کی تھی، لیکن آج 25 کلومیٹر تک عوام کی لائن لگی ہے، جس نے ثابت کر دیا کہ ہم ہی اسٹیبلشمنٹ اور ہم ہی ریاست ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی غلطی کی گئی تو پوری قوم اس کا جواب دے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان کو جابر نے جیل میں ڈال دیا، لیکن کوئی جیل اتنی بڑی نہیں جو عمران خان کو روک سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چٹان کی طرح کھڑا ہے اور یہ جدوجہد آزادی کے لیے ہے جو جاری رہے گی۔ انہوں نے وقت کے یزید کے مقابلے میں آخری دم تک لڑنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کی ضمانت عوام ہیں، اور بانی پی ٹی آئی بہت جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔
دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ عمران خان کا ملٹری ٹرائل کرنے والوں کو عوام کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، اور یہ جدوجہد آخر تک جاری رہے گی۔