اسلام آباد ( ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے تحریک انصاف کے جلسے میں حکومت کو سخت الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان اور دیگر سیاسی قائدین کو 15 دنوں کے اندر رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں ایک زبردست تحریک چلائی جائے گی۔
سنگجانی میں پی ٹی آئی کےجلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو لاکھوں افراد کی حمایت حاصل ہے، جو کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی تحریک کو کبھی نہیں ملی۔ انہوں نے حکومت کو چور اور ڈاکو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا نہ کیا گیا تو ہم ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے۔
محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ظلم اور جبر پر قائم ہے، لیکن ہم اللہ کے سوا کسی بندوق والے یا طاقتور کو نہیں مانتے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بہت سے سیاسی رہنما 45 اور 47 کے فرق کو نظرانداز کر رہے ہیں، جبکہ 45 والے حق پر ہیں اور 47 والے چور ہیں۔
انہوں نے عمران خان کی عوامی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی عوامی حمایت کے باوجود عمران خان جیل میں ہے، جو کہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ حکومت کو الٹی میٹم دے دیں اور اگر عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو ملک کے ہر ضلع میں تحریک چلائی جائے گی، جسے کوئی طاقت روک نہیں پائے گی۔