اسلام آباد ( ) تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان 26 نمبر چونگی پر شدید تصادم ہوا، جہاں مبینہ پتھراؤ کے جواب میں پولیس نے شیلنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ اس واقعے میں ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جبکہ مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے انہیں پہلے روکنے کی کوشش کی۔
پولیس نے تصادم کے دوران کچھ افراد کو گرفتار کرنے کی بھی کوشش کی، جس سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے۔ شیلنگ کے بعد پی ٹی آئی کارکنان 26 نمبر چونگی سے منتشر ہو گئے، تاہم صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے مزید نفری طلب کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی ٹی آئی کارکنان نے جلسہ گاہ کے لیے طے شدہ روٹس کی خلاف ورزی کی، جس پر پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے زخمی ایس ایس پی شعیب خان کی خیریت دریافت کی اور زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے انتظامیہ پر کارکنوں کے خلاف بدترین شیلنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایک بار پھر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ اس ظلم کو یاد رکھے گی۔