نوشہروفیروز ( رانا ندیم انجم )
اسسٹنٹ کمشنر نوشہروفیروز علی شان کی زیر صدارت نوشہروفیروز تحصیل کے مختلف شہروں میں محرم الحرام کے دوران امن وامان اور مذہبی ہم آہنگی قائم رکھنے اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر محکمہ پولیس، رینجرز ،لوکل گورنمنٹ، صحت، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ محرم الحرام تمام مسالک کے علمائے کرام اور مسلمان اپنے اپنے طریقے سے مناتے ہیں لیکن کسی کو بھی دوسرے فقہ کے علمائے کرام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دینے، سوشل میڈیا پر پوسٹ لگانے کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس تمام امام بارگاہوں اور ماتمی مجالس اور جلوسوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام فقہوں کے علمائے کرام اپنے اپنے پروگراموں میں شر انگیز افراد پر کڑی نظر رکھیں کسی بھی مشکوک فرد کی رپورٹ متعلقہ تھانے پر فراہم کریں۔انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ میڈیکل سہولت فراہم کرنے کے لئے اپنے اقدامات مکمل کریں۔ انہوں نے ٹاؤن اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام سے قبل تمام رستوں کی صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ امن ومان کے قیام کے لئے اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔