اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے کارکنوں کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ٹی آئی کے ایک راہنما کے مطابق، پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی صورت میں اسلحے کا استعمال نہ کریں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ مقامی عہدیداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ قافلے میں شامل افراد پر نظر رکھی جائے اور کسی مشکوک شخص کو فوری طور پر پکڑا جائے۔
جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں سنگجانی میں اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے اور کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔ تاہم، انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی تمام اہم شاہراہوں کو کنٹینرز اور بڑی رکاوٹوں سے بند کر دیا ہے تاکہ جلسے کو روکا جا سکے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جلسے کی سیکیورٹی کے پیش نظر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، اور جلسے کے قریب میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیش نظر ہوٹلوں، دکانوں اور گیسٹ ہاؤسز کو 7 سے 9 ستمبر تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق، جلسہ گاہ کے قریب کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی دوسری سہولت فراہم نہیں کی جائے گی، اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔