آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کےلیے لازم ہے۔ احتساب میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنیٰ کی گنجائش نہیں ہوتی۔ کوئی بھی فرد احتساب کے عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکاءِ کانفرنس کی شہداء کے ایصال ثواب کےلیے فاتحہ خوانی کی۔
فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کےلیے شہدائے افواجِ پاکستان سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان و خیبر پختونخوا میں شہریوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کورکمانڈر کانفرنس میں عزم کا اظہار کیا گیا کہ فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کےلیے لازم ہے۔ کوئی بھی فرد احتساب کے عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔
فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج غیرمتزلزل عزم سے مضبوط اور کڑے احتساب سے اپنی اقدار کی پاسداری کرے گی ۔