

رپورٹ محمد حسین پرمار از دفتر ایڈیشنل آئی جی کراچی
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ڈی آئی جی ٹریفک آفس کا دورہ کیا، جہاں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے انہیں شہر بھر میں ٹریفک مینجمنٹ، روانی کو بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ٹریفک کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
بریفنگ کے دوران جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم ٹریکس (TRACS) کے تحت خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ، ای چالان، ڈیجیٹل ریکارڈنگ اور کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کے نظام پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ٹریکس سسٹم کے ذریعے شفافیت میں اضافہ اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور افسران کو ہدایات جاری کی کہ ٹریفک نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریکس سسٹم جیسے جدید نظام کراچی میں ٹریفک کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے۔
