حیدرآبا د چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے کراچی کے معروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعہ پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ نہ صرف کئی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنا بلکہ سینکڑوں خاندانوں کا روزگار بھی ایک لمحے میں ختم ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ اب تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق درجنوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، اور سینکڑوں دکانیں جل کر خاکستر ہو چکی ہیں جس سے تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ یہ ایک ایسا زخم ہے جو صرف متاثرہ خاندانوں ہی نہیں بلکہ پوری تاجر برادری کے دل پر لگا ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ تاجروں اور مزدوروں کو فوری مالی امداد، معاوضہ اور بحالی پیکج فراہم کیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔انہوں نے اس موقع پر حقیقت کی طرف بھی توجہ دلائی اور کہااس واقع سے حکومتی اداروں اور ان کی انسانی جانوں کے بچاؤ کے انتظامات کو لے کر تاجروں کے لیے شدید جھٹکا ہے۔تاجر برادری پابندی سے ٹیکس ادا کرتی ہے مگر اس کے باوجود بنیادی انسانی سہولیات اور مؤثر ریسکیو نظام دستیاب نہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ تاجر اپنے ٹیکس سے اپنا سول ریسکیو سسٹم، فائر فائٹنگ اور دیگر شہری سہولیات کا بندوبست خود کریں کیونکہ سرکاری اداروں پر ہمارا اعتماد بری طرح متزلزل ہو چکا ہے۔”احمد ادریس چوہان نے کہا کہ ان خاندانوں کے غم کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت دے اور لاپتہ افراد کو بخیریت ان کے گھروں تک پہنچائے۔” انہوں نے کہا کہ اگر فوری اور ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو ایسے سانحات مستقبل میں بھی ہمارے شہروں اور کاروباروں کو یوں ہی نگلتے رہیں گے۔
