*کراچی کی تازہ ترین موسمی صورتحال، آج دوپہر سے بارش کا قوی امکان
(رپورٹ سٹی اڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم کراچی)
کراچی میں موسم ایک بار پھر کروٹ لینے کو تیار ہے۔ گزشتہ رات کی موسمی اپڈیٹ میں بتایا گیا تھا کہ شہر میں بارش کا آغاز صبح 10 سے 11 بجے کے درمیان متوقع ہے، تاہم مغربی سلسلے (ویسٹرن ڈسٹربنس) کے تاخیر سے منظم ہونے کے باعث یہ سسٹم تاحال کراچی میں داخل نہیں ہو سکا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت مغربی سلسلہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے، جہاں کئی مقامات پر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مغربی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کراچی کے حوالے سے تازہ ترین پیش گوئی کے مطابق شہر میں دوپہر تقریباً 1 بجے سے شام 6 بجے کے دوران اچھی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مختلف علاقوں میں درمیانی سے تیز بارش متوقع ہے، جس کی مقدار 5 سے 25 ملی میٹر تک رہ سکتی ہے، جبکہ شہر کے چند مقامات پر 30 سے 35 ملی میٹر تک بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ بارش کے دوران بعض علاقوں میں ژالہ باری (اولہ باری) کا امکان بھی موجود ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
متوقع بارش کے پیش نظر کے-الیکٹرک، بلدیاتی اداروں اور ٹریفک پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد خصوصی احتیاط برتیں۔
