حیدرآباد میں پنشن، تنخواہوں اور دیگر شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد
حیدرآباد، 23 جنوری 2026:— پنشن، جی پی فنڈز اور تنخواہوں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس حیدرآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
یہ کھلی کچہری اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ اور صوبائی محتسب سندھ کی ہدایات پر منعقد کی گئی، جس کی صدارت ریجنل ڈائریکٹر محتسب حیدرآباد، سید سجاد حیدر شاہ نے کی۔
سید سجاد حیدر شاھ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مالی امور میں شفافیت کو یقینی بنانا اور سرکاری ملازمین و پنشنرز کو درپیش مسائل کے بروقت حل کو ممکن بنانا ہے۔
کھلی کچہری میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بالخصوص پنشن کی ادائیگی میں تاخیر، پنشن کی درست تعیین میں تضادات، اور جی پی فنڈ کی رقم کے اجرا سے متعلق مسائل پیش کیے۔ شرکاء کو موقع دیا گیا کہ وہ اپنی شکایات براہِ راست متعلقہ حکام کے سامنے پیش کریں۔
اس موقع پر سید سجاد حیدر شاہ نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام اور سرکاری محکموں کے درمیان فاصلے کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محتسب کا دفتر بالخصوص ریٹائرڈ ملازمین اور بزرگ شہریوں سے متعلق شکایات کے فوری اور مؤثر حل کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ جائز شکایات کو موجودہ قواعد و ضوابط کے مطابق بلا تاخیر حل کیا جائے۔
ریجنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ یہ کچہریاں عوامی اعتماد کے فروغ، جوابدہی کے نظام کو مضبوط بنانے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے آئندہ بھی مختلف اضلاع میں اس نوعیت کی کھلی کچہریاں منعقد کی جاتی رہیں گی۔
کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر حیدرآباد، سید افتخار شاہ، سمیت ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ حکام نے شکایت کنندگان کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا اور ضروری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔
