
جی سی یونیورسٹی حیدرآباد میں اسکالرشپ چیکس تقسیم
رپوٹ مجاھد عزیز
جی سی یونیورسٹی حیدرآباد میں جمعہ کے روز اسکالرشپ چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے مستحق طلبہ میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کیے
یہ اسکالرشپس سندھ ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ (SEEF) اور یونیورسٹی کی اسکالرشپ اسکیم کے تحت فراہم کی گئیں
تقریب کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف فنانشل ایڈ نے کیا
اس موقع پر ڈائریکٹر فنانشل ایڈ حاکم علی زرداری، ڈینز پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں اور پروفیسر ڈاکٹر عبد المنان شیخ کے علاوہ دیگر ڈائریکٹرز، سربراہان شعبہ جات اور اساتذہ بھی موجود تھے
طلبا سے خطاب کرتے ہوئے وائیس چانسلر نے کہا کہ تعلیم میں کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا اور تعلیمی برتری کے ساتھ ساتھ کردار سازی اور تربیت بھی نہایت ضروری ہے
انہوں نے کہا کہ جب طلبہ خلوص نیت سے تعلیم کا حصول جاری رکھتے ہیں تو تعلیم زندگی بھر ان کا ساتھ دیتی ہے
پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے طلبہ کو اعلیٰ مقام کے حصول کے لیے محنت اور تسلسل کے ساتھ جدوجہد کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کی چوٹی ہمیشہ محنتی افراد کے لیے خالی ہوتی ہے
انہوں نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی طلبہ کو کامیابی کے ہر مرحلے پر مکمل تعاون فراہم کرے گی
انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کی پہچان ان کے طلبہ کی کامیابی سے ہوتی ہے اور جی سی یونیورسٹی کا ہر طالب علم ادارے کا سفیر ہے، جو اپنے کردار، گفتار اور اخلاق کے ذریعے اس تشخص کو اجاگر کرتا ہے
اس موقع پر ڈائریکٹر فنانشل ایڈ حاکم علی زرداری نے کہا کہ اسکالرشپ پروگرام کا مقصد مستحق طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مالی مشکلات کے بغیر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔
