حیدرآباد لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد /جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید ارشاد حسین کاظمی نے کہا ہے کہ ہمارے ڈاکٹرز، نرسسز، پیرا میڈیکل اسٹاف مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ان کی دیکھ بھال کیلئے شب و رز محنت کر رہے ہیں جبکہ ہمار ی اولین ترجیح ہے کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج و معالجے کی سہولیات مہیا کریں تاکہ مریض جلد سے جلد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال حیدرآباد میں زیرِ تعمیر ایم آر آئی ،سٹی اسکین شعبہ میں نئے کمروں اور پلمونولوجی (امراضِ سینہ)ڈیپارٹمنٹ میں نئے تعمیراتی کاموں کاجائزہ لینے کیلئے تفصیلی دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریشن افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ایم ایس ڈاکٹر سید ارشاد حسین کاظمی کے ہمراہ ورکس اینڈ سروسز ڈیپارٹمنٹ سندھ کے افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید ارشاد حسین کاظمی نے سول ہسپتال حیدرآباد میں زیرِ تکمیل 24گھنٹے فعال فارمیسی کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے جاری کاموں، آلات کی تنصیب اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید ارشاد حسین کاظمی نے مزید کہا کہ سول ہسپتال حیدرآباد میں سندھ بھر سے مریض علاج و معالجے کیلئے آتے ہیںاس لئے ہماری شب و روزکوشش ہے کہ مریضوں کے لیے مزید زیر تعمیر نئے وارڈز کی تعمیر کا کام جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ فارمیسی کے کام آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور اسے جلد عوام کے لیے فعال کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر سید ارشاد حسین کاظمی نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو ہدایت دی کہ پلمونولوجی ڈیپارٹمنٹ ،فارمیسی اور ایم آر آئی ،سٹی اسکین میں زیر تعمیر نئے کمروں سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر، اعلی معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ مریضوں کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ناقابلِ برداشت ہے اور ہسپتال انتظامیہ ترقیاتی کاموں کی براہِ راست خود نگرانی کررہی ہے۔