*کراچی میں موسمِ سرما کا اختتام، بہار کی آمد درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچنے کا امکان*
(رپورٹ سٹی اڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم کراچی)
کراچی میں موسمِ سرما کا اختتام، بہار کی آمد
درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچنے کا امکان کراچی میں رواں موسمِ سرما کا آغاز خاصا متاثر کن نہیں رہا، تاہم سیزن کے اختتام پر سردی کی شدید لہر نے شہریوں کو حقیقی سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کا موقع دیا۔ رواں سیزن کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ دو برسوں کی سرد ترین رات ثابت ہوئی۔ آج شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دن کے اوقات میں ٹھنڈ کا اثر تقریباً ختم ہو چکا ہے، البتہ رات اور صبح کے وقت ہلکی سردی اب بھی محسوس کی جا رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ دن اور رات دونوں کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 31 ڈگری جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 14 سے 17 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ فی الحال شہر میں سرد لہر کا امکان نہیں، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں ہلکی خنکی برقرار رہ سکتی ہے۔ موسمِ بہار کے دوران درجہ حرارت معمول یا معمول سے قدرے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ رمضان المبارک کا آغاز بھی شہر میں موسمِ بہار کے ساتھ متوقع ہے۔ راتیں خوشگوار جبکہ دن گرم رہنے کی توقع ہے۔
