حیدرآباد میں پہلی بار اسپیشل اولمپکس ایونٹ کا انعقاد
حیدرآباد، 12 فروری 2026ء:
حیدرآباد میں پہلی مرتبہ اسپیشل اولمپکس اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، جو کے اسپیشل بچوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ یہ دو روزہ ایونٹ 11 اور 12 فروری 2026 اسپیشل اولمپکس پاکستان نے ڈپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسنس وتھ ڈس ایبلٹی (ڈی ای پی ڈی) کے تعاون سے پبلک اسکول لطیف آباد میں منعقد ہوا ۔
تقریباً 500 خصوصی بچے، جو حیدرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع سے تعلق رکھتے تھے، بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اس ایونٹ میں شریک ہوئے اور 11 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ جہاں خصوصی بچوں نے اپنی صلاحیتوں اور بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ڈی ای پی ڈی حیدرآباد کے ریجنل ڈائریکٹر امتیاز احمد خان نے کہا کہ محکمہ طویل عرصے سے ایسے بڑے اسپورٹس ایونٹ کے انعقاد کے لیے کوشاں تھا۔
انہوں نے کہا، “ہمارا محکمہ مختلف صلاحیتوں کے حامل بچوں کے لیے مواقع پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ اسپیشل اولمپکس پاکستان نے بالآخر یہ پلیٹ فارم حیدرآباد میں فراہم کیا تاکہ ہمارے خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جا سکے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔”
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی ڈاکٹر خرم انصار نے بگایے کہ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد مختلف کھیلوں میں باصلاحیت بچوں کی نشاندہی اور جانچ کرنا تھا۔ اس عمل کے ذریعے منتخب بچوں کو قومی سطح کے مقابلوں کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائے گا اور بعد ازاں انہیں بین الاقوامی اسپیشل اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔
دو روزہ تقریب کے پہلے دن اسپیشل اولمپکس پاکستان کے وفد نے خصوصی بچوں کے والدین کے ساتھ انٹرایکٹو سیشنز منعقد کیے۔ ان نشستوں میں آگاہی، تربیتی مواقع اور کھیلوں کے ذریعے سماجی شمولیت کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔ والدین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے اپنے بچوں کے لیے ایک طویل عرصے سے منتظر موقع قرار دیا۔
دوسرے دن بچوں نے تربیت یافتہ آفیشلز اور مندوبین کی نگرانی میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ بچوں کے جوش و جذبے نے نہ صرف حاضرین بلکہ منتظمین کو بھی متاثر کیا۔
اسپیشل اولمپکس کے وفد کے ارکان نے بتایا کہ ایسے ایونٹس ملک بھر میں منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ خصوصی بچوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہیں قومی و بین الاقوامی کھیلوں کے میدانوں میں برابر مواقع ملنے چاہئیں۔
انھوں نے کہا، “ہماری مہم ملک بھر میں ٹیلنٹ کی تلاش اور اس کی پرورش ہے۔ ان بچوں کو بھی مقابلہ کرنے، آگے بڑھنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا پورا حق حاصل ہے۔”
حیدرآباد میں اس ایونٹ کی کامیاب میزبانی کو سندھ میں جامع کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس نے نہ صرف خصوصی بچوں کو مقابلے کا پلیٹ فارم فراہم کیا بلکہ مساوات، بااختیاری اور سماجی قبولیت کا مضبوط پیغام بھی دیا۔
حکام نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ معذور افراد کو مسلسل معاونت، پہچان اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
تقریب میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کی صدر محترمہ رونق لاکھانی، ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن شہزاد شیخ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل حیدرآباد نوید شیخ، محترمہ فرح، محترمہ فرخندہ اور اسپیشل اولمپکس پاکستان کے کوچز نے شرکت کی۔
