

حیدرآباد ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کا انکے آفس میں ضلعی امن کمیٹی سے اجلاس
*آج ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ایس ایس پی حیدرآباد شازیب چاچڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا, جس میں کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، بالخصوص اقلیتی برادری کے تحفظ اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔*
ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے اراکین کے سیکیورٹی سے متعلق خدشات کو بغور سنا اور ان کے فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے دوران سیکیورٹی انتظامات میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے جس کے تسلسل میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر مؤثر اور خاطر خواہ نفری تعینات کی جائے گی تاکہ وہ مکمل تحفظ کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔
ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ کو بطور ایس ایس پی حیدرآباد تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی اور جرائم پیشہ عناصر و منشیات کے خلاف انکے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے آئندہ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا
اجلاس میں پولیس اور اقلیتی برادریوں کے درمیان نمایاں اور موثر روابط کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ہدایت جاری کی گئی کہ ہر تھانے میں ایک فوکل پرسن بطور انچارج میثاق مقرر کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد اقلیتی برادری کے مسائل کے فوری حل اور پولیس و کمیونیٹی کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
مزید برآں، جامع سیکیورٹی سپورٹ پروگرام کے تحت سیکیورٹی تربیت کی منظوری دی گئی۔ نجی سیکیورٹی گارڈز کے آڈٹ کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ قانونی معاونت سوسائٹی کے تعاون سے ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کے لیے ضلعی پولیس کے ساتھ ثالثی تربیت کے انعقاد کی منظوری دی گئی۔
ایس ایس پی حیدرآباد نے کمیٹی کے متحرک اور پرعزم اراکین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور عوام میں پولیس کا مثبت اور نرم تاثر اجاگر کرنے میں قابل تحسین کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر ضلعی امن کمیٹی کی جانب سے ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کو سند کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی گئی۔ ایس ایس پی حیدرآباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، عبادت گاہوں کی سیکیورٹی اور ضلع میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کو اقدامات جاری رکھیں گے
