حیدرآباد ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ رکرورمنٹ کمیٹی (ڈی آر سی) کا ایک اجلاس ان کے دفتر میںمنعقد ہوا جس میں معذور افراد کے لیے مختص 5 فیصد کوٹہ پر تقرریوں پر غور کیا گیا۔ یہ اجلاس ہائی کورٹ آف سندھ، سکھر بینچ کے احکامات کی تعمیل میں منعقد کیاگیا۔دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال اور اہلیت کے معیار کی تصدیق کے بعد کمیٹی نے حیدرآباد کے ڈی ای پی ڈی مراکز میں نائب قاصد کی آسامیوں کے لیے تین (03) معذور افراد کی تقرری کی سفارش کی۔ امیدواروں کی سفارش ریجنل ڈائریکٹر، ڈی ای پی ڈی حیدرآباد ریجن کی جانب سے کی گئی تھی۔ سفارش کردہ امیدواروں میں ایک سماعت سے محروم جبکہ دو جسمانی معذورہیں جنہیں مختص کوٹہ کے تحت منتخب کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-I حیدرآباد، سیکشن آفیسر ایس جی اے اینڈ سی اے ڈی، ریجنل ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی حیدرآباد، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز اور سروسز ہسپتال حیدرآباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی ڈائریکٹر آر سی پی ایچ ڈی ای پی ڈی اور دیگر ضلعی نمائندگان نے شرکت کی۔کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ سفارشات حکومتی پالیسی کے عین مطابق اور ہائی کورٹ آف سندھ کے احکامات کی مکمل تعمیل میں کی گئی ہیں تاکہ سرکاری ملازمتوں میں شفافیت اور مساوی مواقعے کو یقینی بنایا جا سکے۔
