

حیدرآباد کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے شہباز بلڈنگ میں آج نئے کمشنر کورٹ روم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، ایڈیشنل کمشنر ون فرقان علی لغاری، ایڈیشنل کمشنر ٹو منظور لغاری، چیف انجنیئر بلڈنگز شیر محمد مہیسر سمیت دیگر روینیو افسران بھی موجود تھے۔نئے قائم کردہ کمشنر کورٹ روم میں روینیو سے متعلق مقدمات اور اپیلوں کی سماعت کی جائے گی۔اس موقع پر کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا کہ نئے روینیو کورٹ روم کے قیام سے مقدمات کی سماعت کے لیے آنے والے افراد کو بیٹھنے کے لیے مناسب اور باوقار جگہ میسر آئے گی، نیا کورٹ روم وکلاء کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر صورت میں روینیو کیسز میں میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جاتا ہے اور اپیلوں کی سماعت مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جاتی ہے تاکہ عوام کو غیر ضروری تاخیر سے بچایا جا سکے۔
