
حیدرآباد، 3 مارچ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو اریڈیکیشن کمیٹی (نیشنل امیونائزیشن ڈیز) کا اہم اجلاس نیو ڈی سی کمپلیکس حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں13 اپریل سے 19 اپریل 2026 تک جاری رہنے والے انسداد پولیو مہم کی تیاریوں، مائیکرو پلاننگ اور بین الادارہ جاتی رابطہ کاری کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرII صبا کلوڑ، ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر پیر غلام حسین اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی این اسٹاف آفیسر ڈاکٹر لبنیٰ نے مہم کے انتظامات، اسٹاف ٹریننگ اور حکمت عملی متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈی سی نے ضلع حیدرآباد کی 163 یونین کونسلز میں مہم کے اہداف کے حصول کے لیے 30 مارچ تک مائیکرو پلان مکمل کرنے کی ہدایت کی -اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ حیدرآباد میں دو ماحولیاتی سیمپلز منفی آئے ہیں جبکہ تلسی داس اسٹیشن کے سیمپل کا نتیجہ پیڈنگ میں ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستمبر 2025 سے اب تک 366 انکاری کیسز اور 6543 غیر دستیاب کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم گزشتہ6 مہمات کے مقابلے میں انکاری اور غیر دستیاب کیسز میں کمی آئی ہےجبکہ توسیع شدہ کیچ اپ مہم کے تحت ان کیسز پر کام جاری ہے۔ڈی ایچ او نے انسداد پولیو مہم سے ایک ہفتہ قبل آگاہی مہم اور ویلیڈیشن کا عمل شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ سرحدی علاقوں، مدارس کے طلبہ اور ہر ممکن بچے کو کور کیا جائے جبکہ غذائی قلت کے شکار بچوں کی رپورٹنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا کہ پولیو اسٹاف درست سمت میں کام کر رہا ہے اور گزشتہ مہم کی طرح اس بار بھی بھرپور حکمت عملی کے ذریعے مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جائے گا تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔
