

ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کا یومِ شہادت حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ
ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے یومِ شہادت حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے برآمد ہونے سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی دورہ کیا اور جلوس کے روٹس و مختلف پوائنٹس کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایس ڈی پی او سٹی زین بلوچ، ایس ڈی پی او کینٹ پارس بکھرانی، ایس ڈی پی او بلدیہ ظہور سومرو سمیت دیگر پولیس افسران اور جوان بھی موجود تھے۔
ایس ایس پی حیدرآباد نے مرکزی جلوس کے تمام روٹس، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ایس ایس پی حیدرآباد نے انچارج ڈی آئی بی انسپکٹر اکبر لنڈ اور دیگر متعلقہ افسران کو سیکیورٹی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری مستعدی، چوکس رہتے ہوئے اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دیں تاکہ جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایس ایس پی حیدرآباد نے کہا کہ حیدرآباد پولیس کی جانب سے مرکزی جلوس کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
