
بیگہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 16ویں سالانہ عید پیکج تقسیم، 150 مستحق گھرانوں میں تقریباً دس لاکھ روپے مالیت کا راشن اور عیدی تقسیم
کھاریاں (شاہد بیگ سے)
بیگہ ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھتے ہوئے 16ویں سالانہ عید پیکج کی تقسیم کا اہتمام کیا، جس کے تحت تقریباً ایک سو پچاس مستحق گھرانوں میں راشن اور نقد عیدی کی صورت میں تقریباً دس لاکھ روپے مالیت کے تحائف تقسیم کیے گئے۔بیگہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے عید پیکج تقسیم کرنے کا یہ سلسلہ 2010ء سے بلا تعطل جاری ہے۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی مستحق خاندانوں کو راشن کے ساتھ دیگر ضروری اشیائے خوردونوش اور نقد رقم فراہم کی گئی تاکہ وہ عید کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں۔اس سال بھی فاؤنڈیشن کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ چوہدری ارشد علی بیگہ کی زیر نگرانی صدر چوہدری ندیم منظور، جنرل سیکرٹری ملک طارق محمود، نائب صدر ڈاکٹر اعجاز بٹ، فنانس سیکرٹری شہزاد منور، انچارج فری ڈسپنسری رضوان شبیر، حافظ ارسلان مصطفیٰ اور فاؤنڈیشن کے دیگر ممبران نے خود رات کے اندھیرے میں مستحق گھرانوں تک عید پیکج پہنچایا تاکہ کسی کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو۔
اس موقع پر فاؤنڈیشن کے اوورسیز ممبران چوہدری ارشد علی بیگہ ۔چوہدری جمشید احمد، چوہدری اسجد علی، مسعود بٹ، محمدآصف دبئی، نعمان بٹ اور دیگر ڈونرز کے خصوصی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا اور ان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔علاقہ مکینوں نے بغیر کسی تشہیر اور فوٹو سیشن کے خاموشی سے مستحقین تک عید پیکج پہنچانے کے اس عمل کو سراہتے ہوئے بیگہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا.
