
ڈیجیٹل شناختی کارڈ فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی ہے
نادرا کے علم میں آیا ہے کہ بعض سرکاری دفاتر اور خدمات فراہم کرنے والے ادارے شہریوں سے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) کی فزیکل کاپی یا اس کی فوٹو کاپی طلب کر رہے ہیں اور نادرا کے سرکاری ڈیجیٹل شناختی پلیٹ فارم PakID پر دستیاب DigitalID یا ڈی میٹریلائزڈ CNIC، NICOP یا POC کو قبول نہیں کر رہے۔
نادرا واضح کرتا ہے کہ یہ طرزِ عمل مروجہ قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک کے منافی ہے۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی آرڈیننس 2000 کے تحت نادرا کو قومی شہری ڈیٹا بیس کو برقرار رکھنے اور شناختی اسناد جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ اسی اختیار کے تحت جاری کردہ نادرا ڈیجیٹل شناختی ضوابط 2025 میں نادرا کی جانب سے جاری کردہ ڈیجیٹل شناختی اسناد کو قانونی حیثیت دی گئی ہے۔
خصوصاً:
- ریگولیشن 9 (ڈیجیٹل شناختی اسناد کی قانونی حیثیت) کے مطابق نادرا کی جانب سے جاری یا مجاز قرار دی گئی ڈیجیٹل شناختی سند کو وہی قانونی حیثیت، اعتبار اور ثبوتی اہمیت حاصل ہے جو نادرا کی جانب سے جاری کردہ فزیکل شناختی دستاویز کو حاصل ہوتی ہے۔
- ریگولیشن 10 (ڈیجیٹل شناختی اسناد کی قبولیت) کے مطابق ہر سرکاری ادارہ، ریگولیٹڈ ادارہ یا تنظیم جو شناخت کا ثبوت طلب کرے، وہ نادرا کی جانب سے جاری یا مجاز قرار دی گئی ڈیجیٹل شناختی اسناد کو شناخت کے درست ثبوت کے طور پر قبول کرے گی۔
لہٰذا DigitalID یا ڈی میٹریلائزڈ CNIC، NICOP یا POC قانونی طور پر فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی ہے اور جہاں بھی شناخت کے ثبوت کی ضرورت ہو اسے قبول کیا جانا لازم ہے۔
ڈیجیٹل شناختی اسناد کے استعمال سے شناختی کارڈ کی غیر ضروری فوٹو کاپیوں کی ضرورت بھی کم ہوتی ہے جس سے شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور شناختی معلومات کے غلط استعمال کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
تمام سرکاری محکموں، عوامی اداروں، مالیاتی اداروں، ٹیلی کام آپریٹرز اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مندرجہ بالا قانونی و ضابطہ جاتی احکامات کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں اور اپنے ماتحت دفاتر کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کریں۔
وہ شہری جنہیں ڈیجیٹل شناختی کارڈ کی قبولیت سے انکار کا سامنا ہو وہ اپنی شکایات نادرا کے سرکاری شکایتی نظام کے ذریعے درج کروا سکتے ہیں تاکہ قانون کے مطابق مناسب کارروائی کی جا سکے۔
نادرا شہریوں کو محفوظ، سہل اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی شناختی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
