
حیدرآباد ایس ڈی پی او کینٹ پارس بکھرانی کا صدر موبائل مارکیٹ کا دورہ، تاجر برادری سے ملاقات ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایات پر ایس ڈی پی او کینٹ پارس بکھرانی نے صدر موبائل مارکیٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ایچ او تھانہ کینٹ سب انسپکٹر ریاض سبزوئی اور انچارج مددگار 15 کینٹ اسسٹنٹ سب انسپکٹر عرفان بوزدار بھی موجود تھے۔ صدر موبائل مارکیٹ پہنچنے پر تاجر برادری نے ایس ڈی پی او کینٹ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر تاجروں کی جانب سے سندھ کی ثقافتی روایت کے مطابق انہیں اجرک پہنائی گئی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ ایس ڈی پی او کینٹ پارس بکھرانی نے صدر موبائل مارکیٹ کے نمائندگان کے ہمراہ مارکیٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف دکانوں پر جا کر تاجروں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے تاجر برادری کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔آپ نے کہا کہ حیدرآباد پولیس تاجروں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، جبکہ شہر کی اہم مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر تاجر برادری نے حیدرآباد پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
