حیدرآباد 2 اپریل کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے ثانوی اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) پارٹ اول و دوم کے سالانہ امتحانات 2026 کے دوران حیدرآباد ڈویژن کے تمام امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی ہے،اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد کی درخواست پر 7 اپریل سے 17 اپریل 2026 تک ہونے والے امتحانات کو پرامن، شفاف اور منصفانہ ماحول میں منعقد کرنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت امتحانی مراکز کو امتحانی اوقات کے دوران محدود علاقہ قرار دیا گیا ہے اور صرف وہی امیدوار مراکز میں داخل ہو سکیں گے جو ایڈمٹ کارڈ کے حامل ہوں گے اسی طرح ڈیوٹی پر مامور عملے کو بھی داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ امتحانی مراکز کے قریب فوٹو اسٹیٹ مشینوں کے استعمال پر بھی امتحانی اوقات کے دوران پابندی عائد رہے گی تاکہ نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے،کمشنر حیدرآباد ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ پولیس اسٹیشنز کے انسپکٹر یا اس سے بالاتر افسران کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی عمل میں لا سکیں۔
