
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور عوامی مسائل پر سندھ پروفیسرز اینڈ تھنکرز سوسائٹی کا اعلامیہ
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے اور پیٹرولیم لیوی میں خاموش اضافے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی معاشی صورتحال پر سندھ پروفیسرز اینڈ تھنکرز سوسائٹی شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے اور اسے مسترد کرتی ہے۔ حکومت نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کا بہانہ بنا کر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئی ایم ایف کی سخت شرائط کو من و عن تسلیم کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے کا یکمشت اضافہ کر دیا ہے جو کہ معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے۔ اس فیصلے کی سب سے تشویشناک بات پیٹرولیم لیوی میں 55 روپے فی لیٹر کا خاموش اضافہ ہے جس کے بعد اب ایک عام صارف مجموعی طور پر 161 روپے فی لیٹر صرف ٹیکس کی مد میں ادا کرے گا۔ یہ بوجھ براہ راست ایک موٹر سائیکل سوار، رکشہ ڈرائیور اور عام شہری پر ڈالا گیا ہے جبکہ ملک کا بااثر طبقہ اور اشرافیہ اب بھی ٹیکس نیٹ سے باہر ہے اور مراعات سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ یہ پالیسی عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے بجائے مزید معاشی تباہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے، خاص طور پر تنخواہ دار طبقہ اس وقت شدید ترین دباؤ کا شکار ہے کیونکہ مہنگائی کی شرح اور آمدن کے درمیان توازن مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔
سندھ پروفیسرز اینڈ تھنکرز سوسائٹی مطالبہ کرتی ہے کہ موجودہ معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کم از کم اجرت فی الفور 80 ہزار روپے مقرر کی جائے اور ملازمین کی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافہ یقینی بنایا جائے۔ گریڈ 17 سے گریڈ 21 تک کے سرکاری ملازمین، جو دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، اب اپنی سفید پوشی برقرار رکھنے سے قاصر ہو چکے ہیں، لہذا ان کے معاشی حالات کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ مشرق وسطیٰ کی جنگ کا سہارا لے کر عوام کا استحصال بند کیا جائے اور پیٹرولیم لیوی میں کیا گیا خاموش اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ترجیحات کا ازسرنو جائزہ لے اور اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ عام آدمی اور سرکاری ملازمین کو سانس لینے کا موقع مل سکے۔ اگر حکومت نے ان جائز مطالبات پر فوری کان نہ دھرے تو متوسط اور غریب طبقے کے لیے جینا محال ہو جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوگی۔
چیئرمین
پروفیسر آصف ظہوری
سندھ پروفیسرز اینڈ تھنکرز سوسائٹی
03332653460
zahooriasif@gmail.com
