سرگودہا (رپورٹ ڈویژنل بیورو چیف)
کمشنر سرگودہاڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں عوامی بہبود کے 14مختلف اہداف پر ہفتہ کے دوران ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ لوکل گورنمنٹ ، صحت ، پی ایچ اے ، زراعت اور پرائس کنٹرول اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنر نے اپنی چھت اپنا گھر ، پارکوں میں منی لائبریری ، پرائس کنٹرول ، ریڑھی بازار ، انسداد تجاوزات آپریشن ، گرین بیلٹس ، پارکوں کی تزئین وآرائش ، سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور انسداد ڈینگی کا روائیوں کے علاوہ کسان کارڈ کی تقسیم ، گرین ٹریکٹر سکیم بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بتایاکہ ڈویژ ن بھر میں ایک ہفتہ میں ڈینگی کے 9 کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 6دوسرے اضلاع سے منتقل کئے گئے جو تمام صحت یاب ہو کر گھروں کو جاچکے ہیں ۔ مزید بتایاگیاکہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں ۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کوانٹی کے ساتھ ادویات کی کوالٹی کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس کو بتا یاگیاکہ سرگودہا ڈویژن کے لئے ایک لاکھ 50ہزار کسان کارڈ کی تقسیم کا ٹارگٹ مقرر کیاگیا ۔ اب تک 82ہزار کسانوں نے رجسٹرڈ کروایاہے ۔ 27ہزار کارڈ موصول ہوئے جن میں سے 85سو تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ کمشنر نے گندم کی بوائی سے قبل تمام کارڈز کسانوں تک پہنچانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنروں کو بھی ریونیو اسٹاف کو متحرک کرنے کی ہدایت کی تاکہ کسان کارڈ کے ذریعے بغیر سود کے کھاد، بیج او رزرعی ادویات حاصل کرسکیں ۔ مزید یہ کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے بارے میں بتایا گیاکہ حکومت نے درخواست جمع کروانے کی تاریخ 10اکتوبر مقرر کی ہے ۔سرگودہا ڈویژن کیلئے 1272 ٹریکٹر کا کوٹہ مختص کیاگیاہے جس میں سرگودہا کا 303 ، خوشاب کا 264 ، میانوالی کا 230 ا ور بھکر کا 475 کوٹہ شامل ہے ۔ کمشنر نے ستھرا پنجاب پر پیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اس انقلابی پروگرام کی اونر شپ لینے کی ضرورت پر زوردیا ۔ پرائس کنٹرول کے جائزہ میں بتایاگیا کہ پچھلے ہفتہ ڈویژن بھر میں سبزیوں اور فروٹ کے ساتھ دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نہ صرف استحکام رہا بلکہ بعض سبزیوں کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی ہے ۔ پرائس مجسٹریٹس نے ایک ہفتہ کے دوران 12ہزار 798 انسپکشن کیں۔ پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر دکانداروں کو 31 لا کھ 54 ہزار روپے جرمانہ کیاگیا۔ 49 دکانیں سیل اور 119 دکاندارگرفتار کئے گئے ۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹرنگ کرنے ، مصروف بازاروں میں پرائس مجسٹریٹس کو روزانہ کم از کم دو گھنٹے خود موجود رہنے کے علاوہ شکایات رجسٹررکھنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے سبزی وفروٹ منڈیوں میں روزانہ نیلامی کے وقت افسران کی حاضری کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔