ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ ) سی ای او ایجوکیشن ننکانہ احسن فرید اور ڈی ای او سیکنڈری رائے اقبال حسین نے یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ہے5اکتوبر یوم اساتذہ کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسر محکمہ تعلیم ننکانہ احسن فریدنے کہا کہ طالب علموں کی زندگی میں اساتذہ اور کتابوں کا بڑا اہم رول ہے جس کے ذریعہ طالب علم ساری دنیا کے فن، تہذیب و تمدن سے مالا مال ہوتے ہیں ،احسن فریدکا مزید کہنا تھا کہ ایک استاد ہمارے بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں ، تجسس، ٹیم ورک، قائدانہ خوبیوں ، ہم آہنگی، بھائی چارے اور ہمدردی کی تہذیبی اقدار کو ابھار کر بیک وقت کئی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ خود کو درپیش چیلنجز کو مثبت طور پر لیں۔ اگر کسی دن طلبہ کو مطمئن نہ کر سکیں تب طلبہ کے اطمینان کے لیے بہتر طریقوں پر توجہ کریں۔ اپنی خامیوں کو نظر میں رکھتے ہوئے ہمیشہ بہتری کی راہ پر گامزن رہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری رائے اقبال نے کہا کہ اساتذہ طلباءکیلئے اپنے آپ کو رول ماڈل بنائیں اور قومی تعمیر اساتذہ کا نصب العین ہونا چاہیے ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ استاد کی شخصیت میں جادو ہے جو آپ کے خوابوں کو پورا کرتا ہے، شکوک و شبہات کو دور کرتا ہے، آپ سے جذبہ ہمدردی روا رکھتا ہے، اور آپ کو با اختیار بناتا ہے۔ اصل با اختیاری زندگی بھر سیکھنے میں ہے مجھے امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ با صلاحیت افراد اس نیک پیشے میں شامل ہوں گے۔ رائے اقبال نے مزید کہا کہ یہ ان اساتذہ کی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ذمہ دارشہری سامنے آئے ہیں ، جو ہر ممکن طریقے سے ملک کی بہبود کے لئے کام کررہے ہیں مجھے اعتماد ہے کہ ہمارے اساتذہ کی کوششوں سے ہ میں تعلیم کے میدان میں نئی بلندیوں کو سر کرنے میں مدد ملے گی۔