ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ننکانہ صاحب کے نواحی قصبے بچیکی کا تفصیلی دورہ کیا، ایکسین ہائے وے، سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ، سی او ہیلتھ ڈاکٹر ذیشان شبیر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت ناجائز تجاوزات کے خاتمے کا جائزہ لینے کے لیے بچیکی مین بازار کا وزٹ کیا اور انجمن تاجران کے نمائندوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تاجران اور دوکانداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام دوکاندار اپنا سامان اپنی دوکانوں کی حدود میں رکھیں، دوکانوں کے آگے ریڑھیاں ہرگز کھڑی نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر حضرات پکی اور عارضی تجاوزات سمیت دوکانوں کے آگے بڑھے ہوئے بل بورڈز کو خود ہٹا لیں آئندہ ہفتے سے بچیکی میں ناجائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، احکامات نہ والوں کا سامان ضبط کر لیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی سمیت بھاری جرمانوں سمیت ان کے کاروبار کو بھی سیل کر دیا جائے گا۔انجمن تاجران بچیکی کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ کو ناجائز تجاوزات ہٹانے کی یقین دہانی کروائی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے بچیکی کے مقام پر نالہ ڈیک کا بھی دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو نالہ ڈیک کی فی الفور صفائی یقینی بنانے اور نالہ ڈیک سے ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کا بھی حکم بھی جاری کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بچیکی کا دورہ کیا۔انہوں نے تدریسی امور، صفائی ستھرائی سمیت کالج کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کالج کے لان میں پودا بھی لگایا۔ڈپٹی کمشنر نے طالبات کو انکی کلاسز میں جا کر لیکچر دیے اور ان سے مسائل بارے بھی دریافت کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، کالج پرنسپل سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول بچیکی کا اچانک دورہ کرکے تعلیمی معیار سمیت دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر بچیکی اور بنیادی مرکز صحت چک لڑکا کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں ادویات کے اسٹاک، ڈاکٹرز و عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی سمیت ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور انکی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ترقیاتی کاموں میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنانے اور جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں مریضوں کو کسی دوسرے ہسپتال ہرگز ریفر نہ کیا جائے، شکایت کی صورت میں سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر ذیشان شبیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے بچیکی سیدوالہ روڑ اور جڑانوالہ لاہور روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ایکسین ہائی وے نے جاری میگا منصوبوں بارے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاری عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہونی چاہیے اور ترقیاتی منصوبوں میں معیاری میٹریل استعمال متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، کم کوالٹی کے میٹریل کی نشاندھی پر متعلقہ اداروں اور ٹھیکیداران کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ناجائز تجاوزات کے خلاف چار روز سے جاری آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے منڈی فیض اور موڑ کھنڈا کا دورہ بھی کیا۔سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ، ایکسین ہائی وے، انکروچمنٹ انسپکٹرز سمیت دیگر اداروں کے افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔انہوں کہا کہ آپریشن کے دوران خلل ڈالنے والوں کے ساتھ سختی سے پیش آیا جا رہا ہے اور آخری تجاوزات ہٹانے تک آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے مرحلے میں ضلع کے بڑے شہروں میں آپریشن کیا جا رہا ہے دوسرے مرحلے میں قصبوں میں ناجائز تجاوزات کو ہٹایا جائے گا۔