ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ندیم احمد )ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کی جانب سے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے تاجران کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی۔ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے متعلقہ اداروں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ کی زیرنگرانی ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی سمیت دیگر افسران ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں ، میونسپل کمیٹی کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ ناجائز تجاوزات کو گرا رہا ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے ضلع بھر کے تاجران کو ناجائز تجاوزات ہٹانے کی 25 سمتبر تک کی وارننگ دے رکھی تھی ، ضلعی انتظامیہ کی وارننگ کے باوجود بعض تاجران نے ناجائز تجاوزات نہ ہٹائیں۔ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راﺅنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں عوامی گزرگاہوں کو ہر صورت کھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ سروس روڈز اور فٹ پاتھ پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ، ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے اور شہریوں کی گزرگاہوں کے راستوں کو ہر صورت کلیئر کروائیں گے۔