ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ندیم احمد )ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے تحصیل ننکانہ کے مختلف علاقوں میں تدریسی عمل ، طبی سہولیات ، ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لینے کے لیے طویل دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے تدریسی امور کا جائزہ لینے کے لیے فاطمہ جناح سکول اور گورنمنٹ پرائمری سکول کالی بیر کا اچانک دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ ، سٹاف کی حاضری سمیت دیگر امور کا جائزہ بھی لیا ، گورنمنٹ پرائمری سکول کالی بیر میں صفائی کے ناقص انتظامات اور اساتذہ کی عدم توجہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ و عملے کو آخری وارننگ نوٹس بھی جاری کیا اور دو یوم کے اندر سکول میں صفائی ستھرائی کے بہترین کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری شجرکاری مہم کا جائزہ لیا اور پودا بھی لگایا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے شہریوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اور ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے رورل سنٹرز موڑ کھنڈا اور ریحانوالہ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں ادویات کے اسٹاک ، ڈاکٹرز و عملے کی حاضری سمیت صفائی ستھرائی کا جائزہ بھی لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور جلد از جلد ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے ڈاکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے دوران طبی سہولیات کی فراہمی میں کمی نہیں آنی چاہیے کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر قائمقام سی او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ذیشان شبیر ، ایکسین بلڈنگ عامر محمود ، سی او ضلع کونسل سمیت دیگر افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو�¿ نے ترقیاتی سکیموں اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل منڈی فیض آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایکسین پبلک ہیلتھ ، سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔منڈی فیض آباد میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے متعلقہ افسران کو ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کرنے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام شہروں اور قصبوں میں ناجائز تجاوزات کو فی الفور ہٹا دیا جائے کسی کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن تب تک جاری رہے گا جب تک تمام سروس روڈز اور شہریوں کی گزرگاہوں کو مکمل طور پر کلیئر نہیں کروا لیا جاتا۔ڈپٹی کمشنر نے ایکسین پبلک ہیلتھ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت کے لیے منظور شدہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے ، تمام منصوبوں میں شفافیت اور میٹریل کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے ایکسین پبلک ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے شہریوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔