ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین نے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے گوردوارہ کیارہ صاحب کا دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے کیئر ٹیکر اوقاف کو گوردوارہ صاحب کی گرین بیلٹس کی بہتری ، سیڑھیوں کی مرمت سمیت تزئین و آرائش کے جاری کام کو جلد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ سکھوں سمیت دیگر اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش و حفاظت ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے حکومت کی جانب سے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات براہ راست عوام الناس تک پہنچانے کے لیے لاری اڈے کا اچانک دورہ کیا۔سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ سمیت دیگر افسران بھی اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ تھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار مسافروں سے کرائے کی وصولی بارے دریافت کیا ، اسسٹنٹ کمشنر نے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے اپنی موجودگی میں زائد کرایہ مسافروں کو واپس کروایا۔اسسٹنٹ کمشنر نے ٹکٹ کاونٹرز قائم نہ کرنے اور مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر ٹرانسپورٹرز کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ کردہ کرایہ نامہ سے زائد وصولی ، اوور لوڈنگ اور سموگ کا باعث بننے والے ٹرانسپورٹرز کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے غلہ منڈی کو شہر سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے حوالے سے مانوالہ رور پر اسٹیٹ لینڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ غلہ منڈی کے تاجران سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔