ننکانہ صاحب(بیورورپورٹ ) تمام مذاہب و مسالک کے افراد کو چاہیے کہ وہ ضلع میں امن و امان کی فضاءبرقرار رکھنے کے لیے ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر اپنا اپنا کردار ادا کریں ، مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے بہترین اور فول پروف انتطامات کیے گئے ہیں تاکہ ضلع بھر میں امن و امان کی فضا قائم رہے۔ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ضلعی امن کمیٹی اور محرم الحرام کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات کے منعقدہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، پولیس ، ضلعی افسران سمیت ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام مذاہب و مسالک کے افراد ، مذہبی علمائ سمیت کمیٹی کے ممبران نے اپنی اپنی تجاویز اجلاس میں پیش کیں اور ملک میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کی یقینی دہانی کروائی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ امام بارگاہوں ، مدرسوں ، مذہبی عبادت گاہوں میں سیکورٹی ،صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ،امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس اپنی ذمہ داریاں بھر پور طریقے سے پوری کرے گی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ تمام مسالک و مذاہب کے علمائے کرام اپنے خطبات میں معاشرے کو امن ، محبت اور رواداری کا درس دیں ، محکمہ پولیس ، ریسکیو 1122 ، سول ڈیفنس ، ہیلتھ ، میونسپل کمیٹیز و دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس نے امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی پولیس کی جانب سے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، امن کو فروغ دینا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے، تمام ادارے محرم الحرام کے دوران پر امن ماحول قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے اس موقع پر ضلعی انتطامیہ کی جانب سے عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی ، صفائی ستھرائی و دیگر بہترین اور فول پروف انتظامات کرنے پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ننکانہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ضلعی اداروں کی جانب سے کیے جانے و الے محرم الحرام کے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلع بھر کے افسران نے شرکت کی اور انتظامات بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلعی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام افسران کو محرم الحرام کے دوران خدمات بہتر انداز میں نبھانے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو پیچ ورک کے کاموں کو جلد مکمل کرنے اور محکمہ واپڈا کے افسران کو جلوس کے روٹس پر لٹکتی تاروں کو بروقت ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر پانی کی سبیلیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائی جائیں گی اور عشرہ محرم الحرام کے دوران فول پروف انتطامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔