ٹنڈو جام (نامہ نگار) انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ماہی گیری اور آبی حیات کے ماہرین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اقوامِ متحدہ کے صنعتی ترقیاتی ادارے (یو این آئی ڈی او) کے پاورٹی ایلیویئیشن اینڈ اِنکلیوسو ڈیولپمنٹ اکراس رورل سندھ (پی اے آئی ڈی اے آر) پروگرام کے نمائندوں کے ہمراہ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کا دورہ کیا۔یہ دورہ دیہی سندھ میں روزگار، معاشی ترقی، اور تکنیکی تبادلۂ خیال کو فروغ دینے کے لیے یو این آئی ڈی او کے پی اے آئی ڈی اے آر پروگرام کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد ماہی گیری اور لائیوسٹاک کے شعبے میں جدید سائنسی تعاون کو فروغ دینا ہے۔انڈونیشی وفد میں شامل ماہرین مسٹر ایکو چاہیادی، مسٹر کوکو کوکارکن، اور مسٹر سکندہ دارجا نے فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ ویٹرنری سائنسز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فشریز اینڈ اکواکلچر سے متعلق تدریسی و تحقیقی سہولیات اور لیبارٹریز کا جائزہ لیا، اور یونیورسٹی کے ماہرین، محققین اور طلبہ سے سائنسی و فنی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےمسٹر ایکو چاہیادی نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی میں تحقیقی کام اور ماہی گیری سے متعلق سہولیات کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ بیماریوں کے تدارک، مچھلی کی افزائشِ نسل اور پراسیسنگ جیسے اہم شعبوں میں یہاں کا کام عالمی معیار سے کم نہیں۔ ہم اس تعاون کو باقاعدہ شراکت داری میں بدلنے کے خواہشمند ہیں۔فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سید غیاث الدین شاہ راشدی نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کی دلچسپی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے تجربات سے سیکھ کر ہم مقامی کسانوں کو جدید اکواکلچر کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔شعبہ پیراسائٹالوجی کے چیئرمین، پروفیسر ڈاکٹر محمد بچل بھٹو نے کہا کہ یونیورسٹی صرف تعلیم دینے کا ادارہ نہیں بلکہ مقامی ضرورتوں کے مطابق سائنسی حل پیش کرنے کا مرکز ہے۔ ہم نے وفد کو عملی ریسرچ ماڈلز، مقامی چیلنجز اور جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا تاکہ مستقبل میں شراکت داری کو مضبوط کیا جا سکے۔ملاقات کے دوران انڈونیشی ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت، تعلیمی اداروں، اور صنعت کے درمیان مؤثر ربط و ہم آہنگی پیدا کی جائے تاکہ ماہی گیری، لائیوسٹاک اور وٹرینری جیسے اہم شعبے مستحکم ہو سکیں۔دورے کے دوران یو این آئی ڈی او- پی اے آئی ڈی اے آر ٹیم اور انڈونیشی ماہرین نے فِش ہیچری، افزائشِ نسل، بیماریوں کے تدارک، اور پراسیسنگ سسٹمز کے تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔پاکستانی جانب سے یو این آئی ڈی او-پیڈار ٹیم میں مسٹر فاروق صدیقی، مسٹر قصر واثق اور مسٹر جمیل احمد سمیجو نے شرکت کی۔