ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ) تھانہ صدر ننکانہ صاحب کی حدود میں سی سی ڈی پولیس اور ڈاکووں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات سی سی ڈی پولیس معمول کے گشت پر شاہکوٹ روڈ پر سیم پل دھوڑ کوٹ کے قریب موجود تھی کہ انہیں کھیپ والی کی جانب سے آنے والے تین مشکوک موٹرسائیکل سوار دکھائی دیے۔ پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی اور فرار ہونے لگے سی سی ڈی اہلکاروں نے فوری طور پر تعاقب کیا۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پر دوبارہ فائرنگ کردی ، جس پر پولیس نے حقِ حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم نے اپنا نام سرفراز ولد امیر علی ساکن کڑکن واہگہ بتایا اور بے ہوش ہو گیاریسکیو 1122 کو موقع پر بلایا گیا جنہوں نے ملزم کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ڈاکو ڈکیتی، راہزنی اور وہیکل چوری کے 171 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ جبکہ ملزم کے دو نامعلوم ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تھانہ سی سی ڈی ننکانہ صاحب میں سرکل انچارج انسپکٹر تصور منیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔